پی ایس ایل ترانے کی دنیا بھر میں دھوم

February 10, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 کے ترانے ’گروو میرا‘ نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے۔

پی ایس ایل کا ترانہ گزشتہ 4 روز سے یوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ ہے اور اب تک ویوز 45 لاکھ کے قریب ہو چکے ہیں۔

اس گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ناصرف پاکستان بلکہ متحدہ عرب امارات، قطر، عمان اور سعودی عرب میں بھی سرفہرسٹ ٹرینڈز میں موجود ہے۔

یوٹیوب پر گانے کی ویڈیو کو اب تک ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد شائقین کرکٹ لائک یا پسند کرچکے ہیں۔

پی ایس ایل کانیا ترانہ معروف پنجابی گلوکارہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ’ینگ سٹنرز‘ نے مل کر گایا ہے جبکہ اسے زلفی اور عدنان ڈھول نے کمپوز کیا ہے۔

ترانے کی ویڈیو میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان، کوئٹہ کے سرفراز احمد، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، ملتان سلطانز کے شان مسعود اور پشاور زلمی کے وہاب ریاض جلوہ گر ہوئے۔

اس ترانے میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے کہ جہاں اسٹیڈیم تو خالی ہیں مگر مداح اپنے گھروں میں ٹی وی اسکرینز کے سامنے بیٹھ کر میچ دیکھتے نظر آتے ہیں۔