عمران خان شفافیت، اپوزیشن دو نمبری چاہتی ہے، فیصل جاوید

February 11, 2021

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان شفافیت چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن دو نمبری اور دھاندلی چاہتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ 2014 میں ن لیگ نے اوپن بیلٹنگ کی کمیٹی بنائی، اس وقت عمران خان نے بھی اس کی تعریف کی تھی۔

سینیٹ فیصل جاوید نے کہا کہ کرکٹ میں نیوٹرل امپائرز عمران خان لے کر آئے، عمران خان شفافیت چاہتے ہیں، اپوزیشن دو نمبری اور دھاندلی چاہتی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن ہر سطح پر کرپشن کا تحفظ چاہتی ہے، عمران خان اوپن بیلٹنگ چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن نہیں چاہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ رشوت اور کرپشن کے بغیر کوئی الیکشن نہیں جیت سکتے، یہ ہر عوامی مفاد کی قانون سازی کو این آر او سے مشروط کردیتے ہیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ سارے کیسز معاف کردیں، قانون سازی میں ووٹ کریں گے۔

اسی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ حکومت کا سورج ڈھل رہا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اخلاقیات کی وڈیو تو سامنے آچکی ہے، وڈیو میں تمام بااخلاق لوگ نظر آرہے ہیں۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال میں سینیٹ میں ترمیمی بل نہیں آیا، حکومت سینیٹ الیکشن کا معاملہ سپریم کورٹ کیوں لے کر گئی؟

لیگی رہنما نے کہا کہ ترمیم کے لیے پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے تھی، آئینی ترمیم کا طریقہ وضع ہے، حکومت کیوں آئینی ترمیم کے طریقے پر عمل نہیں کرنا چاہتی؟

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نگہت اورکزئی کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں اپوزیشن کا کوئی رکن پیسے لیتے ہوئے نظر نہیں آیا۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کی عادت ہے کہ وہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر نہیں چلتے۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے بلین ٹری سونامی کیس پر کیوں حکم امتناع لیا ہوا ہے، ہم ان کی کرپشن کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتے۔