پاکستانی کوہ پیما نے افریقا کی بلند ترین چوٹی سر کرلی

February 16, 2021

پاکستانی نوجوان اسد علی میمن نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے افریقا کی بلند ترین ماؤنٹ کلیمنجارو 14 گھنٹے میں سر کر کے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

ماؤنٹ کلیمنجارو کی اونچائی 5 ہزار 895 میٹر ہے، اسد علی میمن نے محض 14 گھنٹوں میں اسے سر کرلیا جبکہ کوہ پیماؤں کو یہ چوٹی سر کرنے میں 5 سے 7 دن لگتے ہیں۔

اسد علی میمن ریکارڈ وقت میں سمٹ کرنے والے واحد ایشیائی اور پاکستانی ہیں۔

تنزانیہ میں موجود پاکستانی سفیر محمد سلیم نے بھی اسد علی میمن کو مبارکباد دی۔

اس سے قبل لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما اسد علی میمن کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے وہ 19 ہزار فٹ بلند چوٹی کو کم ترین وقت چھ گھنٹے، چوبیس منٹ میں سر کرنے کے سوئس کوہ پیما کارل ایگلوف کے ریکارڈ کو نہیں توڑ پائیں گے لیکن کم از کم 24 گھنٹوں سے کم وقت میں اس کو سر کرکے چوٹی پر پاکستان کا پرچم لہرانا ہدف ہے۔

اسد علی میمن نے آج اپنا ہدف پورا کرلیا۔