وٹامن سی اور زنک کورونا وائرس میں مؤثر نہیں؟

February 17, 2021

ایک نئی تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ قوت مدافعت کو مضبوط بنانے والا وٹامن سی اور وائرل انفیکشن کے خلاف لڑنے والا زنک عالمی وبا کورونا وائرس کے بچاؤ میں مؤثر ثابت نہیں ہوتا۔

محقیقین کے مطابق اینٹی وائرل، اینٹی انفیکشن، وائٹ بلڈ سیلز اور اینٹی باڈیز بنانے والا زنک کورونا وائرس سے بچاؤ یا اس کی شدت کم کرنے کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کرتا۔

دوسری جانب انسانی خلیوں کی صحت برقرار رکھنے والا، بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت بڑھانے اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیت سے مالا مال وٹامن سی بھی کورونا وائرس میں سود مند ثابت نہیں ہوتا۔

کورونا وائرس کے 214 مثبت مریضوں پر وٹامنز اور زنک کے ٹرائل کیے گئے، ان رضاکاروں کو گروپس 2 میں بانٹا گیا، ایک گروپ جسے 10 دن تک بلا ناغہ 50 گرام زنک اور 8000 ملی گرام وٹامن سی کا استعمال کروایا گیا جبکہ دوسرے گروپ کی عام روٹین کے مطابق دیکھ بھال کی گئی۔

تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو رضاکار وٹامن سی اور زنک کا استعمال کر رہے تھے اُن میں وٹامن سی اور زنک کا استعمال نہ کرنے والوں کے مقابلے میں کوئی بہتری نہیں آئی تھی۔

محقیقین کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس جس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور جس کے نتیجے میں کروڑوں ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں اس بیماری پر تاحال ریسرچ کی ضرورت ہے، کورونا وائرس کے لیے اینٹی وائرل اور اینٹی انفیکشن وٹامنز بھی بے سود ثابت ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 214 افراد پر کی گئی اس تحقیق کے دوران 3 افراد کورونا وائرس کی شدت سے ہلاک ہو گئے تھے جبکہ یہ سب رضاکار اسپتال کے بجائے گھر میں ہی قرنطینہ تھے۔