روسی کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ غزہ پہنچ گئی، عرب میڈیا

February 17, 2021

روس کی تیار کردہ اسپوتنک فائیو کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ غزہ کی پٹی پہنچ گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق اسپوتنک فائیو وی کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ دو ہزار خوراکوں پر مشتمل ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں مزید 11200 کورونا ویکسین غزہ کی پٹی پہنچ جائیگی، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے 37 ہزار 440 ویکسین خریدی ہیں۔

دریں اثنا عرب میڈیا نے کہا کہ فلسطین کیلئے ویکسین کی درآمد اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے ذریعے کی جارہی ہے۔ کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ کی منتقلی اسرائیلی حکومت کی اجازت کے بعد کی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق ویکسین کی منتقلی میں تاخیر پر فلسطینی حکام نے اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ 10 لاکھ فلسطینیوں کیلئے 20 لاکھ چار قسم کی ویکسین کے آرڈر کئے ہیں۔

عرب میڈیا نے کہا کہ بدھ تک غزہ پٹی میں کورونا مریضوں کی تعداد 54 ہزار ہوگئی، جبکہ 538 انتقال کرگئے، فلسطین کے مغربی کنارے میں کورونا سے ایک ہزار 403 مریض انتقال کرچکے ہیں۔