آرمی چیف سے چینی سفیر کی ملاقات

February 20, 2021

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چینی سفیرکی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پرگفتگو ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دفاع اور سیکورٹی کے شعبہ میں تعاون پر بھی چین کے کردار کو سراہا جبکہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت کرنے پر بھی چین کی تعریف کی۔انہوں نے کورونا ویکسین کی فراہمی پر چین کا شکریہ ادا کیا،ان کا کہنا تھاکہ اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا، دونوں ممالک میں خوشحالی آئے گی۔اس میں کوئی شک نہیں کہ خطے کے لیے گیم چینجر کی حیثیت کا حامل منصوبہ سی پیک پاکستان اور چین کے مشترکہ مخالفین کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھتا ہے، اس لیے کہ اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان معاشی خوشحالی سے بہرہ ور ہو گا بلکہ خطے میں اسے دفاعی استحکام بھی حاصل ہو گا ۔چناچہ ایک طرف امریکہ پاکستان کو اس منصوبے کا متبادل پیش کرنے کی بات کر چکا ہے تو دوسری جانب اسرائیل اس منصوبے کے بارے میں بھارتی موقف کا حامی اور اسے روکنے میں اس کا معاون بنا ہوا ہے۔افسوس کہ غیروں کے پروردہ چند ملکی عناصر بھی سی پیک کے بارے میں افواہیں پھیلانے سے باز نہیں آرہے۔چند ناخوشگوار واقعات کی بنا پر اس منصوبے پر عملدارآمد میں قدرے تاخیر بھی ہوئی تاہم اسلام آباد اور بیجنگ دونوں سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں،جس کے لیے ایک خودمختار ’’سی پیک اتھارٹی‘‘ کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے۔ بھارت کی سرحدی چھیڑ خانیاںاور بلوچستان میں تخریبی کارروائیاں در اصل سی پیک کی راہ روکنے ہی کی کوششیں ہیں،جن میںوہ ،بہ فضل خدا ،کبھی کامیاب نہ ہو گا ۔ افواج پاکستان اپنے فرائض انتہائی جانفشانی اور قومی جذبے کے تحت ادا کر رہی ہیں ،پوری قوم کو بھی اسی جذبے کی پیروی کرنی چاہیے کہ سی پیک ہماری آئندہ نسلوں کی خوشحالی کا ضامن ہے۔