نوتن نے فلم ’دلی کا ٹھگ‘ میں سوئمنگ کاسٹیوم پہن کر سب کو حیران کر دیا تھا

February 23, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)چار جون 1936 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی نوتن کا اصلی نام نوتن سمرتھ تھااور ان کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ ان کی ماں شوبھنا سمرتھ جانی مانی فلم اداکارہ تھیں۔نوتن نے اپنی فطری اداکاری، سادگی اور مکالموں کی ادائیگی سے فلم دیکھنے والوں کو جِس طرح متاثر کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔نوتن نے بطور چائلڈا سٹار فلم ’نل دمينتي‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ اس درمیان نوتن نے آل انڈیا بیوٹی مقابلہ میں حصہ لیا جس میں وہ سرفہرست رہیں۔ انہیں 1950 میں فلم ہماری بیٹی میں اداکاری کرنے کا موقع ملا جس کی ہدایت کار ان کی ماں شوبھنا سمرتھ تھیں۔ 1955 میں فلم سيما میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے نوتن کو بہترین فلم اداکارہ کا ایوارڈملا۔1958ء میں فلم ’دلی کا ٹھگ‘ میں نوتن نے سوئمنگ کاسٹیوم پہن کر سب کو حیران کر دیا۔ فلم بارش میں نوتن نے بولڈ مناظر دیئے جس کیلئے ان کی کافی تنقید بھی ہوئی لیکن بعد میں ومل رائے کی فلم سجاتا اور بندنی میں نوتن نے جذباتی اداکاری کر کے اپنی بولڈ اداکارہ کی شبیہ کو تبدیل کر دیا۔سال 1959ء میں فلم سجاتا نوتن کے فلمی کیریئر کیلئے میل کا پتھر ثابت ہوئی۔ فلمی کیریئر میں دوسری بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی گئی۔ 1963ء میں آئی فلم ’بندنی‘ اداکاری کیلئے نوتن کو ایک بار پھر بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل ہوا۔سجاتا ، بندنی اور دل نے پھر یاد کیا جیسی فلموں کی کامیابی کے بعد نوتن ٹریجڈی کوئن کہی جانے لگیں۔ 1968ء میں فلم ’سروستی چندر‘ کی کامیابی کے بعد نوتن فلم انڈسٹری کی نمبر ایک اداکارہ کہی جانے لگیں۔ نوتن نے اپنے فلمی کیریئر میں اس دور کے سبھی بڑے اداکاروں کے ساتھ اداکاری کی۔80کی دہائی میں نوتن نے فلموں میں ماں کے کردار ادا کرنا شروع کئے ۔فلم میری جنگ کیلئے اپنی بہترین اداکاری کیلئے نوتن بہترین معاون اداکارہ کے انعام سے نوازی گئیں۔