مکیش امبانی کا بھارت میں دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر بنانے کا اعلان

February 24, 2021

نئی دہلی(جنگ نیوز )بھارت سے تعلق رکھنے والے ایشیا کے دوسرے بڑے امیر تاجر مکیش امبانی نے دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر گجرات میں تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم اس پروجیکٹ کو ابتدا میں ہی تنقید کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارب پتی تاجر مکیش امبانی نے ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں 113 ہیکٹر یعنی 280 ایکڑ پر محیط دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں افریقی شیر ، بنگال کے شیر اور کوموڈو ڈریگن سمیت بھارت اور دنیا بھر سے جانوروں، پرندوں اور رینگنے والے جانوروں کی 100 سے زائد اقسام ہوں گی۔

بھارت کے امیر ترین تاجر کا کہنا ہے کہ ’’گرین زولوجیکل ریسکیو اینڈ ری ہیبلیٹیشن کنگ ڈم‘‘ میں جانور محفوظ بھی رہیں گے اور یہاں بیمار یا معذور جانوروں کی بحالی کا کام بھی ہو گا۔ چڑیا گھر کے قیام اور انتظام کا کام ان کے 25 سالہ بیٹے اننت امبانی سنبھالیں گے۔