شارٹ فلم ’ون لاسٹ شاٹ‘ متعدد بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب

February 25, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ون لاسٹ شاٹ‘ مختصر دورانئے کی انعام یافتہ فلم جس نے دنیا بھر کے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ پاکستانی نژاد کینڈین اداکار اورفلمساز صارم جعفری کی مختصر دورانئے کی فلم ”ون لاسٹ شاٹ“ نے مختلف پلیٹ فارمز پر درجنوں ایوارڈز حاصل کرکے پاکستانی فلمی صنعت کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا۔اس فلم نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں مختصر دورانئے کی بہترین فلم اور ویورز چوائس ایوارڈز کے علاوہ بھارت کے کلکتہ انٹرنیشنل کلٹ فلم فیسٹول اور اٹلی کے آنیروس فلم ایوارڈز میں بہترین رو مانی ڈرامہ کے علاوہ کئی دیگر ایوارڈز بھی حاصل کئے۔اس فلم میں صارم جعفری نے مرکزی کردار بھی خود ادا کیا جو کہ ایک ابھرتے ہوئے موسیقار کی زندگی کا احاطہ کرتا ہے۔ان کے مدمقابل مرکزی کردار پاکستانی نژاد کنیڈین ماڈل انیقہ ذوالفقار نے ادا کیا ہے جو قبل ازیں ماڈلنگ اور تھیٹر کی دنیا میں کام کرچکی ہیں ۔اس فلم میں انہوں نے اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس کی بنیاد پر انہیں نیویارک فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ اور بہترین جوڑی کا ایوارڈز دیا گیا۔پاکستان کے 80اور90کی دہائی کے معروف اداکار ظہیر رضا جعفری نے ولن کا کردار ادا کیا جو عینک والا جن اور زمین جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں ۔ہمبرکالج ٹورنٹو سے اداکاری کی تربیت حاصل کرنے والے صارم جعفری بطور چائلڈ اسٹار سرکاری ٹی وی کے کئی ڈراموں میںکام کرچکے ہیں جبکہ 2018ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ”نہ بینڈ نہ باراتی“ ان کی پہلی فلم تھی۔دنیا بھر سے کی جانے والی حوصلہ افزائی کے بعد صارم جعفری اس وقت دو نئی ویب سیریز پر کام کررہے ہیں جس میں تارکین وطن کو پیش آنے والے مسائل اور ذہنی صحت کے مسائل کو اُجاگر کیا جائے گا۔” ایک آخری شاٹ “ نے پاکستانی فلمی صنعت کی اہمیت کو عالمی سطح پر اُجاگر کیا ہے ‘ تاہم صارم پاکستانی سینما کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اورآرٹ کے ذریعے ملک کے مثبت تاثر کو مستحکم بنانے کے لئے اپنا کردار جاری رکھنا چاہتے ہیں۔