غذائی ضروریات کے لیے مربوط لائحہ عمل ترتیب دیا ہے،محب اللہ خان

February 25, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لایئوسٹاک محب اللہ خان کی زیر صدارت زراعت و لایئوسٹاک سے منسلک محکموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد اسرار اور محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں محکموں کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لئے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکومت خیبرپختونخوا نے حال ہی میں صوبائی فوڈ سیکیورٹی پالیسی ترتیب دی ہے جس میں صوبے کے عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل ترتیب دیا ہے۔ محکمہ زراعت و لایئوسٹاک نے آئندہ مالی سال 2021-22 کے ترقیاتی منصوبے اسی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے تجویز کیے ہیں۔ خیبر پختونخوا نے سال-21 2020 میں زراعت و لایئوسٹاک کی ترقی کے لئے 10 ارب 96 کروڑ روپے کی لاگت سے 116 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہیں جبکہ نئے مالی سال-22 2021 کے لئے 15 ارب 1 کروڑ روپے کی لاگت سے 60 مزید نئے منصوبے تجویز کئے گئے ہیں۔ کل ملا کر 25 ارب 98 کروڑ روپے کی لاگت سے 176 منصوبے زراعت و لایئوسٹاک کی فلاح و بہبود کیلئے تجویز کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں وزیر زراعت و لایئوسٹاک خیبرپختونخوا نے صوبہ میں گندم کے زیر کاشت کل رقبہ کا تخمینہ لگانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع عابد کمال کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی۔ مذکورہ کمیٹی 31 مارچ تک اپنی رپورٹ وزیر زراعت و لایئوسٹاک کو پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا میں زراعت اور اس سے منسلک کاروبار کو ترویج دینے کے لیے ایگری بزنس اتھارٹی کے قیام کی بھی تجویز دی گئی۔ وزیر زراعت و لایئوسٹاک خیبرپختونخوا نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ تمام منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کی خوشحالی کو یقینی بنائیں۔ وزیر زراعت نے محکموں کے سربراہان کو صوبہ خیبر پختونخوا کی 32 لاکھ ایکڑ بنجر اراضی کو زیر کاشت لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔