سی پیک خطے کی معاشی و اقتصادی خوشحالی کا ضامن ہے، شیر باز بلور

February 26, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے پاک چین راہداری منصوبہ (سی پیک) کو پاک چین دوستی کی لازوال مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ خطے کی معاشی و اقتصادی خوشحالی کا ضامن ہے جس کے تحت جاری منصوبوں بالخصوص رشکئی اسپیشل اکنامک زون (SEZs) کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ سے خیبر پختونخوا اور ضم قبائلی اضلاع سمیت افغانستان اور وسطی ایشیاء کے ممالک کے ساتھ کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین سی آر بی سی ڈی جی ایم مسٹر Lu yan کی سربراہی میں چینی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی‘ نائب صدر جنید الطاف‘ سی آر بی سی انوسمنٹ منیجر مسٹر Peng اور کمرشل آفیسر مسٹر Simon Lee‘ کمرشل آفیسر سی بی آر سی عبداللہ شہریار‘ چیف کمرشل آفیسر کے پی ازمک عادل صلاح الدین‘ سٹریٹیجک منیجر کے ازمک عبدالواسیع سعد اور دیگر بھی موجود تھے۔ چینی وفد نے سی پیک کے تحت رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی افادیت‘ سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی مراعات کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا اور کہا کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون ملک میں قائم ہونیوالے نئے SEZs کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ انکی حکومت اور چینی سرمایہ کاروں نے اس منصوبہ میں بہت زیادہ دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاروں کو رشکئی اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے پر زور دیا ہے۔ اس حوالے سے سرحد چیمبر کو خصوصی جوائنٹ وینچر شروع کر نے میں با ہمی ا تفا ق رائے ہو ا ہے۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہاکہ پاک چین اکنامک کاریڈور پراجیکٹ پاکستان اور چین کے لئے کافی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس سے ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون سی پیک کا اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے جو کہ خطے کی تقدیر بدلے گا اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔