نشتر فارمیسی میں چوری کی تحقیقات مکمل، مقدمہ درج کرنے کی ہدایت

February 28, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) نشتر ہسپتال کی پروفیسرکالونی میں واقع فارمیسی سٹور میں سرجیکل سامان چوری ہونے کا معاملہ ،ایم ایس نشتر ہسپتال نے گار بیج ٹھیکدار کے کارندے کے خلاف انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر پولیس تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں ،مزید برآں فارمیسی سٹور میں نائٹ شفٹ میں سیکورٹی گارڈ کی تعیناتی اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی احکامات دیئے گئے ہیں، بتایا جاتا ہے کہ نشتر ہسپتال نے پروفیسرز کالونی میں واقع کوٹھی نمبر ایک میں فارمیسی سٹور بنایا ہوا ہے جہاں کچھ عرصہ قبل سرجیکل سامان کے ڈبے مبینہ چوری ہونے کا معاملہ سامنے آیا ، جس پر ایم ایس نے انکوائری افسر ڈاکٹر وجہیہ اور ڈاکٹر نبیل کو مقرر کیا۔جنہوں نے انکوائری میں سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے گار بیج کے ٹھیکدار کے کارندے کاشف کو قصور وار پایا ۔انکوائری کی رپورٹ مکمل کرکے ایم ایس کو بھیجوا دی گئی ۔جس پر ایم ایس نے مذکورہ کارندہ کاشف کے خلاف پولیس تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔