بلدیاتی الیکشن نہ کرانے کے خلاف ’کونسلر اتحاد‘ کے تحت مظاہرہ

February 28, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) کونسلر اتحاد پنجاب کے زیر اہتمام بلدیاتی الیکشن نہ کرانے کے خلاف وہاڑی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت سرپرست اعلیٰ پنجاب حاجی یوسف انصاری، وائس چیئرمین پنجاب غلام علی جمالی، صدر ضلع ملتان محمد امین بابر نے کی۔ مظاہرہ میں رانا اشتیاق، محمد سرور، احسن شاہ، رانا تنویر، رانا ارسلان، رانا ذیشان و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر حاجی یوسف انصاری نے کہا ہم اعلیٰ عدلیہ اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں بلدیاتی الیکشن جلد سے جلد کرائے جائیں ورنہ اعلیٰ عدلیہ پرانا بلدیاتی نظام بحال کرنے کا حکم دے کیونکہ بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہر یونین کونسل میں گندگی کے ڈھیر، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، اور سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے چوری اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، گٹر لائنیں تباہ ہو چکی ہیں، گلیاں تالابوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، کسی یونین کونسل میں کوئی پرسانِ حال نہیں ہے، عوام ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور پیدائشی سرٹیفکیٹ بنوانے کے لئے دربدر ہیں کوئی سرٹیفکیٹ بنانے والا یونین کونسل میں نہیں۔ اعلیٰ عدلیہ اور حکومت جلد سے جلد بلدیاتی الیکشن کروائیں یا سابقہ نظام بحال کریں ورنہ مظاہروں کا سلسلہ پورے پنجاب میں پھیلا دیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔