نفیس زکریا اور جیمز شیرا کیلئے ڈاکٹریٹ کی اعزازی برطانوی ڈگری

February 28, 2021

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) انسانی حقوق کے برٹش پاکستانی کارکن اور اسکالر ڈاکٹر جیمس شیرا اور برطانیہ میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر نفیس زکریا کو پاکستان کے لئے خدمات کے اعتراف میں فورمن کرسچن کالج سے آرٹس اور لیٹرز میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں تفویض کی گئی ہیں۔ معروف پاکستانی مسیحی رہنما اور سابق سینئر سفارتکار دونوں کو ہفتے کے روز ایک پروگرام میں ڈگریوں سے نوازا گیا، جس کے دوران 876 طلباء نے گریجویشن کیا تھا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز رجسٹرار ڈاکٹر نیئر فردوس کے افتتاحی کلمات کے ساتھ ہوا، اس کے بعد تلاوت کلام پاک اور بائبل سے اقتباسات پڑھے گئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فورمن کرسچن کالج (ایک چارٹرڈ یونیورسٹی) ہے جو اپنی جامع اور متنوع طلبا تنظیم کی شناخت رکھتی ہے اور یہ ممتاز انسٹی ٹیوٹ تفریق کو ختم کرنے کے علاوہ بھی بہت کچھ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبا اور خصوصی طور پر ڈاکٹر جیمس شیرا کو مبارکباد پیش کی جو برطانیہ میں میئر کے طور پر منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی مسیحی ہیں، وہ بطور کونسلر 40 برسوں سے اپنی کمیونٹی اور ووٹرز کی خدمت کرتے رہے ہیں۔ ان کی وابستگی اور لگن کے اعتراف میںلوکل کونسل نے انہیں 2017 میں فری مین آف دی بو رو آف رگبیکا لقب عطا کیا تھا۔ اس کے علاوہ رگبی کونسل نے ان کی اعلیٰ خدمات پر ایک روڈ ان سے منسوب کر کے جیمز شیر ا وے نام رکھا۔ ڈاکٹر شیرا نے یونیورسٹی آف واروک سے پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کرنے کے بعد بحیثیت استاد کیریئر کا آغاز کیا۔ بیڈ فورڈ شائر یونیورسٹی نے انہیں بزنس ایڈمنسٹریشن میں اعزازی ڈاکٹریٹ سے نوازا۔ وہ واروک شائر کاؤنٹی کونسل کے بین الثقافتی تعلیم کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔ ڈاکٹر شیرا نےرگبی میں پاکستانی کمیونٹی سنٹر کی پہلی اینٹ رکھی۔ انہوں نے رگبی مسجد کی تعمیر میں بھی مدد کیاور رگبی میں مسلم برادری کی تدفین کے لئے ایک جگہ مختص کی۔ چوہدری سرور نے نفیس زکریا کو آرٹس اینڈ لیٹرز میں اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ پی ایچ ڈی ایوارڈ حاصل کرنے والی دونوں شخصیات ڈاکٹر جیمس شیرا اور نفیس زکریا نے تقریب سے خطاب کیا اور پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگریاں عطا کرنے پر سرپرست اور بورڈ آف گورنرز کا شکریہ ادا کیا۔