معذور افراد کا 2 فیصد کوٹا پر تقرر کیا جانا چاہئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

March 01, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے سرکاری نوکریوں میں معذور افراد کے لئے 2 فیصد کوٹہ مختص کیا ہوا ہے جن پر ان کا تقرر کیا جانا چاہئے اب ملٹی نیشنل کمپنیوں میں بھی اسپیشل افراد کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے اس پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے ۔ پاکستان میں 32لاکھ سے زائد افراد کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہیں، 9 لاکھ سے زائد معذور افراد صوبہ سندھ میں ہیں، یہ بات انہوں نے فیضان ری ہیبلی ٹیشن سینٹر میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ڈائریکٹر جنرل پارکس طٰحہ سلیم، دعوت اسلامی کے شوریٰ کے رکن عبدالحبیب، محمد یعقوب عطاری، یحییٰ عطاری، طارق مصطفی ٰاور سول سوسائٹی کی دیگر معزز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں، شارع فیصل پر یہ سینٹر 8 سال تک کے معذور بچوں کے لئے فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے زیر انتظام قائم کیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سندھ میں ان 9 لاکھ سے زائد بچوں کی دیکھ بھال کے لئے 25 سے30 ادارے ہیں جو انتہائی ناکافی ہیں، ہر ادارے میں 200 سے 250 بچوں کی گنجائش ہوتی ہے، باقی معذوری کا شکار بچے بے بسی کی زندگی گزارتے ہیں۔ہمیں انہیں کارآمد شہری بنانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں اور ایسے ادارے زیادہ تعداد میں قائم کرنے ہوں گے جہاں ان کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیم و تربیت کا بھی بندوبست ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسی نہ کسی معذوری کے ساتھ پیدا ہونے والے بچے والدین کے لئے بہت بڑا امتحان ہوتے ہیں جس سے انہیں ہر صورت میں گزرنا ہوتا ہے، معذور بچوں کی دیکھ بھال اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانا والدین کے ساتھ ساتھ ہماری اور سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے۔دعوت اسلامی کے شوریٰ کے رکن عبدالحبیب نے کہا کہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کا مقصد ان لوگوں کو نارمل زندگی کی طرف لانا ہے، انہوں نے کہا کہ اس ری ہیبلی ٹیشن سینٹر میں فزیکل تھراپی، فیڈنگ تھراپی، اسپیچ تھراپی اورریمیڈیل تھراپی بچوں کو فراہم کی جاتی ہے۔