عمران خان نے اُتنا قرض لے لیا جتنا نواز شریف نے 3 ادوار میں نہیں لیا، مفتاح اسماعیل

March 02, 2021

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قرض لینے کے معاملے پر نواز شریف پر بازی لے گئے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان ڈھائی سال میں اتنا قرض لے چکے ہیں جتنا نواز شریف نے 3 حکومتوں میں نہیں لیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان ڈھائی سال میں 12ہزار 800 ارب روپے لے چکے ہیں اور اب تک ایک پیسا بھی واپس نہیں کیا۔


سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے سعودی عرب کو چین سے لے کر قرض واپس کیا، حکومت ہر روز قرض لے رہی ہے، ایک پیسہ واپس نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر روز قرض لے کر بھی حکومت نے نہ کوئی بڑا منصوبہ لگایا نہ ایک پیسہ قرض واپس کیا۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے 5 سالوں میں اوسط بجٹ خسارہ 5 اعشاریہ 5 فیصد رہا۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکیم لقمان پتہ نہیں کس ایجنڈے پر آئی ایم ایف سے آئے تھے، جنہوں نے شرح سود ساڑھے 13 فیصد کردیا۔

سابق وزیر خزانہ نےیہ بھی کہا کہ جو ایل این جی 6 روپے پر یہ لیں گے وہ ہم نے 4 روپے پر لی تھی۔

انہوں نے کہا کہ لمبے معاہدوں کی مخالفت کرنے والے ندیم بابر اب طویل مدتی معاہدے کر رہے ہیں۔