ملپور کے جنگل میں 350ایکڑ رقبے پر ماڈل پارک کی منظوری

March 03, 2021

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)سی ڈی اےنے ملپور کے جنگل میں 350ایکڑ رقبے پر11 کروڑ 64لاکھ روپے سے بننےوالے ماڈل پارک کی منظوری دے دی ۔ اس منصوبے کی زمین کی تیاری کیلئے دو کروڑ 84 لاکھ روپے کی مشینری کی خریداری کیلئے ٹینڈر نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ۔سی ڈی اے کی نومبر 2020 میں ہونے والی میٹنگ میں ملپور کے جنگل میں بننے والے ماڈل پارک کے منصوبے کی منظوری دی گئی تھی ۔ 34 قسم کی مشینری خریدی جائے گی جس میں ٹریکٹرز،ہیڈرالک لوڈر، فرنٹ بلیڈ ٹریکٹر،ٹرالیاں ودیگر زرعی مشینری شامل ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق اس ماڈل پارک کا رقبہ 350 ایکڑ ہےجس میں 7ہزار پودے لگائے جائیں گے ویٹ لینڈ اور بارش کے پانی کو جمع کرنے کیلئے ایک تالاب بنایا جائے گا، ماڈل پارک کی چاردیواری اور ٹیوب ویل لگانے کیلئے بھی ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔ پارک کے لئے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر،جنگل کے گارڈز،مالی اور ٹریکٹر ڈرائیوروں کی بھرتیوں کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا ماڈل پارک میں 6 ہزار کچنار کے درخت لگا دیئے گئے ہیں۔