کورونا: صورتحال بگڑتے دیر نہیں لگتی!

March 05, 2021

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں کورونا کے کیسوں میں بدھ کے روز یکایک اضافے سے ایک ہی دن میں 75ہلاکتوں کی اطلاع ہے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 13ہزار 13ہو گئی اور تصدیق شدہ کیس 5لاکھ 83ہزار 916کی سطح پر پہنچ گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 24گھنٹوں میں کووڈ 19کے ایک ہزار 388نئے کیس رپورٹ ہوئے دوسری طرف ممکنہ اطمینان بخش صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے این سی او سی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں 15مارچ سے بیشتر پابندیاں اٹھا لی جائیں گی جن میں تجارتی مراکز اور پارکوں میں اوقات کی شرط ختم کرنا، مزارات، میرج و سینما ہال کھول دینا، 50فیصد اسٹاف کے لئے گھر سے کام کرنے کی چھوٹ ختم کرتے ہوئے دفاتر میں سو فیصد حاضری یقینی بنانا اور ہوٹلوں کے اندر بیٹھ کر کھانے کی اجازت شامل ہے۔ اس وقت انتہائی توجہ طلب پہلو یہ ہے کہ بعض ممالک کو کورونا کی تیسری قسم کا سامنا ہےجس کے باعث وہاں سخت لاک ڈائون ہے۔ اس کے باوجود دنیا بھر میں وائرس کو کسی بھی حد تک پھیلنے سے روکنے کی ہر کوشش ناکام ہو چکی ہے۔ اس صورتحال میں اہلِ وطن کو تینوں اقسام سے احتیاط کرنے کی ضرورت ہے جو کہ حکومتی اور انفرادی دونوں سطحوں پر ناگزیر ہےجب تک ملک کی کم از کم 70فیصد آبادی کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگ جاتے، احتیاط لازم ہے۔ این سی او سی کے اعلامیہ میں یہ بات بھی شامل ہےکہ 10مارچ کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اگر بداحتیاطی یا کسی اور وجہ سے ابتری کے آثار نظر آئے تو مقامی، صوبائی یا ملکی سطح پر پابندیاں پھر سے سخت کر دی جائیں گی یہ ایک ٹھوس اور واضح نقطہ نظر ہے اس حوالے سے کوئی غفلت نہیں ہونی چاہئے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998