پانچ سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم کو سزائے موت،10لاکھ جرمانہ

March 05, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی جہانگیر علی گوندل نے پانچ سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم کو سزائے موت دینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ معصوم بچی کو ہوس کا نشانہ بنانے والا درندہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہو سکتا، ایسے لوگ معاشرے کا وہ ناسور ہیں جنہیں جلد از جلد نشان عبرت بنا دینا چاہئے۔عدالت نے ملزم کو پانچ لاکھ روپے متاثرہ بچی کو ہرجانہ اور اتنی ہی رقم جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ پانچ سالہ بچی کے والدین انتہائی غریب اور ڈھوک حسو ممتاز محلہ کے ایک کمرے میں رہائش پذیر تھے جبکہ دوسرا کمرہ مظفر آباد کے رہائشی 34سالہ منیر احمد نے لے رکھا تھا گزشتہ سال 26جنوری کو متاثرہ بچی کا والد اپنے بیٹے اور بیٹی کو ہری پور کے ایک مدرسے میں چھوڑنے گیا ہوا تھا ان کی غیرموجودگی میں بچی گھر سے باہر نکلی تو ملزم اسے پکڑ کر اپنے کمرے میں لے گیا اور زیادتی شروع کر دی، تھوڑی دیر بعد والدہ تلاش کرنے باہر نکلی تو بچی کے رونے کی آواز سن کر دھکے سے دروازہ کھولا اور بیٹی کو پکڑ کر دروازے کو باہر سے کنڈی لگاتے ہوئے پولیس طلب کرلی۔ میڈیکل اور ڈی این اے رپورٹ مثبت آنے پر گزشتہ روز عدالت نے ملزم کو سزائے موت دینے کا حکم دیدیا۔ مدعی مقدمہ کی طرف سے مس طاہرہ بانو مبا رک ایڈووکیٹ، مس عظمٰی مبارک، عظمت علی، اصغر علی مبارک اور احسان ہاشمی نے پیروی کی ۔