وزیراعظم کیلئے اعتماد کا ووٹ، قومی اسمبلی کا اجلاس آج

March 06, 2021

وزیراعظم کیلئے اعتماد کا ووٹ، قومی اسمبلی کا اجلاس آج

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کیلئے اعتماد کا ووٹ، قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اجلاس دن سوا 12 بجے طلب کر رکھا ہے جس میں وزیر اعظم ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔

اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا۔ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم پر اعتماد کے ووٹ کی قرارداد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پیش کرینگے۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان آرٹیکل 7/91 کےتحت وزیراعظم پراعتماد کا اظہارکرتا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومتی ارکان نے ضمیر بیچا، شکست حکومتی ارکان کے ضمیربیچنے سے ہوئی، خوش نہیں، تو کل مجھے ووٹ نہ دیں،میرا مقصد اقتدار نہیں، شفاف نظام کیلئے کوشش کر رہا ہوں، اپوزیشن والے شکلوں سے ہی غدار لگتے ہیں۔

اتحادیوں کے تحفظات دور کروں گا، تمام مسائل کی وجہ سابقہ حکومتوں کی لوٹ مار ہے، میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم وفد سے گفتگو اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔

ق لیگ کے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر اعظم سے گزشتہ روز ممتازسیاسی رہنما منیر احمد خان نے ملاقات کی ۔ منیر احمد خان نے ملاقات کے دوران تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ وزیر اعظم نے منیر احمد خان کے فیصلے کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعہ کو تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اعتماد کی تحریک کامیاب بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ اتحادیوں نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے اتحادیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنےکی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اتحادیوں کے تحفظات دور کرینگے۔ حکومت نے قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس کیلئے حکمت عملی طے کرلی ، تمام ارکان اسمبلی کو کل ہر صورت قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وہ ایک مقصد کے تحت سیاست میں آئے ہیں، ان کا یقین جمہوریت پر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان اسمبلی نے ضمیر بیچا، جس سے عبدالحفیظ شیخ کو شکست ہوئی، پیسہ لیکر ضمیر بیچنا بددیانتی ہے۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں ایم کیوایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی، امین الحق،کشورزہرا اور ایم کیو ایم کے تمام ارکان اسمبلی شریک تھے، جبکہ شاہ محمود قریشی، شفقت محمود،اسد عمر پرویز خٹک بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سندھ اور کراچی کے امور میں ایم کیو ایم کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کی فلاح ہے، شفاف نظام کیلئے کوشش کر رہا ہوں، اداروں کی مضبوطی اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے جدوجہد جاری رہےگی۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ (ق) کے وفد نے بھی ملاقات کرکے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔