گھر پر مزیدار بسکٹس کیسے بنائیں؟

March 06, 2021

بسکٹ لاطینی زبان کے لفظ بس کوکٹس (Bis coctus)سے نکلا ہے، جس کا مطلب ہے دو دفعہ پکا ہوا۔ بچے بڑے سب ہی بسکٹس کھانا پسند کرتے ہیں۔ بالخصوص شام کی چائے کے ساتھ بسکٹس کھانے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ بسکٹس سے نہ صرف منہ کا ذائقہ تبدیل ہوجاتا ہے بلکہ یہ بےوقت کی بھوک بھی مٹاتے ہیں۔ بسکٹ بہت نرم بھی ہوتے ہیں اور سخت بھی۔

پہلے بسکٹ صرف میدے سے تیار کیے جاتے تھے جبکہ 7ویں صدی میں فارسی دور حکومت میں میدہ، انڈہ، مکھن، کریم، شہد، پھل اور مختلف چیزیں ملا کر بسکٹس بنائے جانے لگے۔ قرون وسطیٰ میں انڈہ، میدہ او رمختلف اجزاء ڈال کر بسکٹس بیک کیے جاتے تھے۔

آجکل انہیں میدہ، چینی، شہد، کریم اور مختلف سوئیٹز ڈال کر بنایا جاتا ہے۔ یہ میٹھے ، لذیذ اور خوش ذائقہ ہوتے ہیں، جنہیں بآسانی گھر میں بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔ مختلف ملکوں میں انہیں مختلف طریقے سے تیار کیا جاتا تھا۔ شمالی امریکہ میں بسکٹ کو میدہ، بیکنگ پائوڈر ، بیکنگ سوڈا اور مختلف کیمیکلز ڈال کر تیار کیا جاتا ہے۔ بسکٹس صبح کے ناشتے میں بھی پیش کیے جاتے ہیں جبکہ پاکستان میں بھی اکثر لوگ صبح کے ناشتے میں چائے، دودھ کے ساتھ بسکٹ کھانا پسند کرتے ہیں۔

بعض دوپہر یا شام کے اوقات میں اسے میٹھے کے طور پر کھاتے ہیں۔ ذیل میں بسکٹس بنانے کی چند ترکیبیں قارئین کی نذر ہیں، جنہیں آپ گھر پر تیار کر کے نہ صرف خود لطف اٹھائیں گے بلکہ مہمانوں کی خاطر تواضع کے لیے بھی پیش کرسکتے ہیں۔

چیز بسکٹس

درکار اجزاء:

میدہ۔ ایک کپ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

مسٹرڈ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

مکھن۔ چار اونس

چیڈر چیز۔ چار اونس (کدوکش)

دلیہ۔ دو کھانے کے چمچ

پیپریکا۔ ایک چائے کا چمچ

انڈے کی سفیدی۔ ایک عدد

ترکیب:

ایک پیالے میں میدہ، نمک، کالی مرچ اور مسٹرڈ پاؤڈر ڈال کر مکس کریں۔ پھر اس میں مکھن شامل کر دیںاور کچھ دیر تک مکس کرتے رہیں۔ اس کے بعد چیڈر چیز شامل کریں اور اچھی طرح گوندھ لیں۔ اب تھوڑا سا خشک میدہ چھڑک کر ڈو کو پتلا بیل لیں، پھر کسی بھی شکل کے کوکیز کاٹ لیں اور بیکنگ شیٹ پر رکھ دیں۔ اس کے بعد انڈے کی سفیدی کو پھینٹ کر برش کی مدد سے کوکیز پر لگا دیں۔ پھر دلیہ اور پیپریکا مکس کرکے کوکیز پر چھڑکیں۔ آخر میں انہیں 220ڈگری سینٹی گریڈ تک گرم اوون میں پانچ سے چھ منٹ بیک کر لیں۔

کوکونٹ بادام کو کیز

درکار اجزاء:

مکھن۔ آدھا کپ

بیکنگ سوڈا۔ آدھا چائے کا چمچ

کھٹی کریم۔ آدھا کپ

سفید آٹا۔ ڈھائی کپ

کٹے ہوئے بادام۔ ڈیڑھ کپ

دانے دار چینی۔ ایک کپ

انڈے۔ دو عدد

ونیلا ایسینس۔ ایک چائے کا چمچ

کھوپرا۔ دو کپ

ترکیب:

ایک مکسنگ بائول میں مکھن کو الیکٹرک مکسر سے میڈیم یا ہائی اسپیڈپر تین سیکنڈ پھینٹیں۔ چینی اور بیکنگ سوڈا ملا دیں اوراتنا پھینٹیں کہ وہ یکجان ہو جائیں۔ پھینٹے ہوئے انڈےمیں کھٹی کریم اور ونیلا ایسنس ملا دیں اور مکسر کی مدد سے جتنا آٹا پھینٹنا ممکن ہو پھینٹتے ہوئے شامل کرلیں۔ اگر آٹا بچ جائے تو لکڑی کے چمچ کی مدد سے چلاتے ہوئے ناریل اور بادام ملا دیں۔ چکنی کوکی شیٹس پر پھینٹے ہوئے آٹے کو گول چمچ سے گراتی جائیں ۔ 350ڈگری پری ہیڈ اوون میں لگ بھگ 12منٹ یا گولڈن برائون ہونے تک بیک کریں۔ پھر کوکیز کو ہٹا لیں اور ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

نان خطائی

درکار اجزاء:

میدہ۔ ڈیڑھ کپ

سوجی۔ آدھا کپ

گھی۔ ایک کپ

چینی۔ ایک کپ

بیکنگ پائوڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چٹکی

دودھ۔ چار کھانے کے چمچ

وینلا ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

گارنش کیلئے:

انڈہ (پھینٹاہوا )۔ ایک عدد

پستہ (پسا ہوا)۔ حسبِ ضرورت

بادام۔ تین عدد

چیری۔ حسبِ ضرورت

جام۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

سوجی کو پانی میں بھگو کر چھان لیں۔ میدہ، سوجی ، بیکنگ،پائوڈر ، چینی اور نمک مکس کریں۔ پھر ونیلا ایسنس اور تھوڑا تھوڑا کر کے گھی شامل کریں۔ اتناگھی ڈالیں کہ سب چیزیں مکس ہو جائیں۔ اب دودھ شامل کرکے مکس کریں تاکہ نرم ڈو بن جائے۔ اسی وقت ہلکے ہاتھ سے بالز بنا کر ان کو چپٹا کر لیں۔

اب بیکنگ ٹرے کو چکنا کرلیں اور اس میں تھوڑے تھوڑے فاصلے پر بسکٹس رکھیں کیونکہ انہیں پھولنا ہے۔ احتیاط سے بسکٹ پر انڈہ لگائیں اور بادام کے ساتھ گارنش کریں۔ نان خطائی کے درمیان میں قطرے کی طرح جام رکھ دیں۔ ہر نان خطائی کے درمیان میں چیری کو تھوڑ ا اندر کی جانب دبا دیں۔ پستے سے بھی گارنش کر دیں۔ گارنشنگ کے بعد180ڈگری پر پری ہیٹ اوون میں 20منٹ تک بیک کریں اور ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

بادام کے بسکٹ

درکار اجزاء:

میدہ۔ ایک کپ

بادام کا پاؤڈر۔ ایک چوتھائی کپ

بادام کا ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

مکھن کی کیوبز۔ تین چوتھائی کپ

چینی۔ آدھا کپ

بادام (ثابت )۔گارنشنگ کیلئے

ترکیب:

تمام اجزاء کو فوڈ پروسیسر میں مکس کر لیں۔پھر اس مکسچر کو بسکٹ کی شکل دے کر اوپر سے بادام کے ساتھ گارنش کر دیں۔ اب ان کو 180ڈگری پر دس منٹ تک بیک کریں حتیٰ کہ بسکٹ ہلکے سنہری ہوجائیں۔ لیجیے مزیدار بادام کے بسکٹ پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔

نمکین زیرہ بسکٹ

درکار اجزاء:

مکھن۔ 100گرام

میدہ۔ 100گرام

کاسٹر شوگر۔ ایک کھانے کا چمچ

ثابت زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

انڈہ۔ ایک عدد

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب:

سب سے پہلے مکھن کو کاسٹر شوگر کے ساتھ پھینٹ لیں۔ پھر انڈہ پھینٹ کر مکھن کے مکسچر میں شامل کر دیں۔ اب اس مکسچر میں آدھا کھانے کا چمچ نمک اور ثابت زیرہ ڈالیں۔ پھر میدے کو چھان کر صاف کر لیں۔ میدے اور بیکنگ پاؤڈر کو اب مکھن کے مکسچر میں شامل کریں اور اچھی طرح مکس کر دیں۔ اب ڈو بنا کر تھوڑی دیر کے لئے فریج میں رکھ دیں۔

اب بیلن سے اسے بیل کر کٹر کی مدد سے بسکٹ کی شکل میں کاٹ لیں۔ اوون کو ایک سو اسی ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کرکے بسکٹس کو پندرہ سے بیس منٹ کے لیے بیک کرلیں۔ مزیدار نمکین زیرے والے بسکٹس تیار ہیں۔

بسکٹ ڈیٹ ڈیلائٹ

درکار اجزاء:

میدہ۔ 150گرام

انڈہ۔ آدھا

مکھن۔150گرام

آئسنگ شوگر۔ 50گرام

کارن فلور۔7گرام

ملک پائوڈر۔20گرام

نمک۔ حسب ذائقہ

بیکنگ پائوڈر۔ دو چائے کے چمچ

کھجور (کٹی ہوئی)۔ 100گرام

آئسنگ شوگر۔ گارنشنگ کیلئے

ترکیب:

ایک پیالے میں میدہ، انڈہ، مکھن، آئسنگ شوگر، کارن فلور، بیکنگ پائوڈر، ملک پائوڈر اور نمک ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور گوندھ کر ڈو تیار کر لیں۔ اس کے بعد بسکٹ کی شکل دے کر اس پر کھجور رکھ دیں۔ ایک ٹرے میں بسکٹس کو تھوڑے تھوڑے فاصلے پر رکھ دیں۔ پھر ٹرے کو اوون میں رکھ کر چھ سے سات منٹ تک 200ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کریں۔ اب ٹرے نکال کر آئسنگ شوگر سے گارنش کر کے پیش کریں۔

مارزی پین کوکیز

درکار اجزاء:

بادام (پسے ہوئے)۔ 200گرام

آئسنگ شوگر۔ 100گرام

انڈے کی زردی۔ دو عدد

ونیلا ایسنس۔ چند قطرے

بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

مکھن۔ دو کھانے کے چمچ

میدہ۔ دو کھانے کے چمچ

دودھ۔ چار کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ِذائقہ

ترکیب:

پہلے بادام کو ہلکا سا اُبال کر اس کا چھلکا اُتار لیں، خیال رہے کہ بادام بالکل کچے رہنے چاہئیں۔ اب ان کا پاؤڈر بنالیں۔ ایک پیالے میں بادام کا پاؤڈر، آئسنگ شوگر، انڈوں کی زردی، ونیلا ایسنس، بیکنگ پاؤڈر، مکھن، میدہ، دودھ اور نمک شامل کرکے خوب اچھی طرح سے گوندھ لیں۔

اگر ڈو خشک لگے تو تھوڑا سا دودھ مزید استعمال کر سکتے ہیں۔ اب اس کی چھوٹی چھوٹی بالز بنالیں۔ پھر اوون ٹرے کو تھوڑا سا چکنا کرلیں۔ بالز کو ہاتھوں کی مدد سے تھوڑا تھوڑا دبا کر اوون ٹرے پر رکھتے جائیں۔ اب اسے اوون میں 200ڈگری پر آٹھ سے دس منٹ کے لیے بیک کر لیں۔ سنہرا رنگ آنے پر نکال کر پیش کریں۔

چاکلیٹ چپ کوکیز

درکار اجزاء:

میدہ۔ 260گرام

کھانے کا سوڈا۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

مکھن۔ 170گرام

بران شوگر۔ 250گرام

انڈہ۔ ایک عدد

انڈے کی زردی۔ ایک عدد

ونیلا ایسنس۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

چاکلیٹ چنکس۔ 250گرام

ترکیب:

پہلے میدہ، سوڈا اور نمک چھان کر رکھ لیں۔ اب ایک پیالے میں مکھن اور بران شوگر اچھی طرح سے مکس کر کے اس میں انڈہ شامل کر دیں۔ پھر زردی کے ساتھ اس میں ونیلا ایسنس اور چاکلیٹ چنکس شامل کرنے کے بعد میدہ بھی شامل کر لیں۔ اب اس کی گولیاں بنا کر ٹرے میں رکھ دیں۔ پندرہ سے سترہ منٹ کے لیے 180ڈگری سینٹی گریڈ پر اوون میں بیک کر لیں اور ٹھنڈا ہونے پر استعمال کریں۔

ادرک اور لیموں کا بسکٹ

درکار اجزاء:

میدہ۔ 350گرام

کاسٹر شوگر۔ 200گرام

مکھن۔ 125گرام

انڈے۔ ایک سے دو عدد

بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

گولڈن سیرپ۔ ایک کھانے کا چمچ

ادرک ۔ ایک چھوٹا ٹکڑا

لیموں ۔ دو عدد

ترکیب:

اوون کو 180ڈگری پر گرم کریں۔ بیکنگ ٹرے کو مکھن سے گریس کرلیں۔ ایک مکسنگ باؤل میں میدہ، بیکنگ پاؤڈر، کٹی ہوئی ادرک مکس کریں۔ اب اس میں نمک، کاسٹر شوگراور لیموں مکس کریں۔ پھرایک پین میں مکھن اور گولڈن سیرپ ڈال کر جوش دے لیں۔

اسے ٹھنڈا کرکے مکسنگ باؤل میں ڈال کر مکس کریں۔ اس میں انڈے اور سیرپ ڈال دیں اور ڈو تیار کرلیں۔ پھر اس کی چھوٹی بالز بنالیں اوربیکنگ ٹرے پر رکھ کر ہاتھ سے دباکر بسکٹ کی شکل میں اوون میں بارہ سے پندرہ منٹ کے لیے بیک کریں۔ جب رنگ آجائے تو نکال کر ٹھنڈا کرلیں۔ لیجیے مزیدار لیمن اینڈ جنجر کوکیز تیار ہیں۔

کیرٹ کوکیز

درکار اجزاء:

انڈا (پھینٹا ہوا)۔ آدھا

میدہ۔ ایک کپ

دلیہ۔ ایک کپ

مکھن۔ ایک چوتھائی کپ

اخروٹ۔ آدھا کپ

چینی۔ آدھا کپ

کدو کش گاجر۔ آدھا کپ

دودھ۔ ایک چوتھائی کپ

ونیلا ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

پسی دار چینی۔ آدھا چائے کا چمچ

آئسنگ کیلئے:

آئسنگ شوگر۔ ایک کپ

مکھن۔ دو کھانے کے چمچ

اورنج جوس۔ 1سے2کھانے کے چمچ

ترکیب:

مکھن میں چینی شامل کر اچھی طرح پھینٹ لیں تاکہ یہ آمیزہ کریمی ہو جائے۔ اب اس میں پھینٹا ہوا آدھا انڈہ ڈال کر مزید پھینٹیں۔ پھر کدو کش گاجر، دودھ، ونیلا ایسنس، میدہ، دلیا، بیکنگ پاؤدر، پسی دار چینی اور اخروٹ شامل کر کے فولڈ کریں۔

اب کوکیز شیٹ کو گریس کر کے ایک ایک چمچ بھر کے کوکیز بنائیں اور 190ڈگری تک گرم اوون میں پندرہ منٹ تک بیک کریں۔ کوکیز کا رنگ ہلکا براؤن ہو جائے تو اوون سے نکال کر ٹھنڈا کریں۔ آئسنگ کے لیے آئسنگ شوگر میں مکھن اور ایک سے دو کھانے کے چمچ اورنج جوس شامل کر کے اچھی طرح پھینٹ لیں۔گاڑھی آئسنگ بن جائے تو کوکیز پر لگا کر پیش کریں۔

افغانی بسکٹس

درکار اجزاء:

مکھن۔ 185گرام

پسی شکر۔ 3/1کپ

میدہ۔1 کپ

کوکو پائوڈر۔ایک کھانے کا چمچ

پسا کھو پرا۔1کپ

کارن فلیکس (ہلکے کچلے ہوئے)۔ دو کپ

چاکلیٹ (پھلی ہوئی)۔ 100گرام

ترکیب:

مکھن اور شکر برتن میں ڈال کر الیکٹرک مکسر سے پھینٹیں یہاں تک کہ وہ گھل جائے۔ اب اس میں میدہ اورکوکو پائوڈر اچھی طرح ملا لیں اور پھینٹ لیں۔ پھر آمیزے کو نسبتاًبڑے برتن میں منتقل کر کے اس میں کھوپرا اور کارن فلیکس ملا دیں۔ چمچ سے تمام چیزوں کو اچھی طرح ملا لیں۔

اوون ٹرے کو چکنا کر کے پانچ سینٹی میٹر کے فاصلے سے ایک چمچ بھر کے آمیزہ رکھتے جائیں۔ تقریباً25 بسکٹ بنیں گے، ہتھیلی سے ان کو شیپ دیں۔ اوون میں ہلکی درمیانی انچ پر 18منٹ تک بسکٹ بیک کریں۔ پھر اسے تھوڑی دیر ٹھنڈاہونے کے لیے چھوڑ دیں۔ پگھلی چاکلیٹ بسکٹس پر پھیلا دیں۔ مزیدار افغانی بسکٹس تیار ہیں۔

امریکن بسکٹ

درکار اجزاء:

گندم کا آٹا (چھانا ہوا باریک)۔ تین چوتھائی کپ

میدہ۔ دو بڑے چمچ

نمک۔ ایک چھوٹی چٹکی

بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

دلیہ (ہاتھوں سے مسل لیں)۔ دوکھانے کے چمچ

مکھن۔ تین کھانے کے چمچ

چینی (پسی ہوئی)۔ تین کھانے کے چمچ

دودھ۔ ڈھائی کھانے کے چمچ

ترکیب:

میدہ، آٹا، نمک اور بیکنگ پاؤڈر تین مرتبہ چھان لیں اور دلیہ ملالیں۔ تمام چیزوں میں مکھن ملا کر ہاتھوں سے ملیں۔ اب دودھ ڈال کر ملائیں۔ اگر ضرورت محسوس کریں تو دودھ کا اور چھینٹا دیں۔ ماوا اتنا سخت ہو کہ آرام سے اس کے چھوٹے چھوٹے گول پیڑے بنا کر چپڑی ہوئی ٹرے میں دور دور رکھے جاسکیں۔

اوپر سے ہلکا دباکر بیک کرلیں۔ اس ماوے کو میدے والا ہاتھ لگا کر پتلا بیل کر کسی سانچے سے گول کاٹیں اور ان میں کانٹے کو دور دور چبھو کر چھید لیں اور پھر بیک کریں۔ کچھ دیر میں امریکن بسکٹ تیار ہوجائیں گے۔

فرنچ میکرون

درکار اجزاء:

بادام (پسے ہوئے)۔ 250گرام

آئسنگ شوگر ۔ 430گرام

انڈے کی سفیدی۔ 200گرام

کاسٹر شوگر۔ 60گرام

نمک۔ ایک چٹکی

کوکو پاؤڈر۔ دو کھانے کے چمچ

فلنگ کے لئے:

کریم۔ 30گرام

چاکلیٹ۔ 100گرام

ترکیب:

اوون کو مارک نمبر تین تک گرم کرلیں اور پارچمنٹ پیپر کو ٹرے پر بچھا دیں۔ پنسل کی مدد سے دو انچ کا دائرہ بنا لیں۔ اب پسے ہوئے بادام، آئسنگ شوگر اور نمک کو دو مرتبہ چھان لیں۔ پھر انڈوں کی سفیدی پھینٹ لیں اور کاسٹر شوگر شامل کرکے الیکٹرک بیٹر کی مدد سے دس منٹ کے لئے پھینٹ لیں۔ اب کوکو پاؤڈر شامل کرکے مزید تھوڑی دیر کے لئے پھینٹ لیں۔ چھنے ہوئے اجزاء کو انڈوں کے مکسچر میں فولڈ کرلیں۔ اب یہ مکسچر پائپنگ بیگ میں شامل کرکے ان دائروں کی فلنگ کریں۔ بیس منٹ کے لئے میکرونز بیک کرلیں۔

فلنگ کے لیے پین میں کریم اور چاکلیٹ ڈالیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک چاکلیٹ پگھل نہ جائے۔ اب اسے چولہے سے اتار کر ٹھنڈا ہونے کے لئے ایک طرف رکھ دیں تاکہ وہ گاڑھا کریمی بن جائے۔ اس فلنگ کو پائیپنگ بیگ میں بھر کر بیک کیے ہوئے میکرونز پر ڈالیں اور اسے دوسرے حصے سے بند کردیں۔ لیجیے فرنچ میکرون تیار ہیں۔