آج سب سامنے آجائے گا: شہریار آفریدی

March 06, 2021


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی کہتے ہیں کہ آج حق اور سچ کی جیت کا دن ہے، آج سب سامنے آ جائے گا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی وزیرِ اعظم عمران خان کو ووٹ دینے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو اتنا نوازا ہے کہ ڈر و خوف ان کے پاس سے نہیں گزرتا۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ جن ارکان نے ووٹ نہیں دیا ان کے خلاف کارروائی ہو گی؟

شہر یار آفریدی نے جواب دیا کہ جو بھی اس میں ملوث ہے اسے نشانِ عبرت بنا دیا جائے گا۔

واضح رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع پارلیمنٹ ہاؤس میں آج صبح مشترکہ ناشتے کے اہتمام کیا گیا، ناشتے میں وزیرِ اعظم عمران خان بھی شریک ہیں، جبکہ پارلیمنٹیرینز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

وفاقی کابینہ کے ارکان، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام ارکانِ قومی اسمبلی کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی پی ٹی آئی ارکان کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتہ میں شریک ہیں۔

اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے اراکین کو ناشتے کی دعوت دی گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے ارکان ناشتے کے لیے 11 بجے ایک ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتے کی بیٹھک میں حکومت و اتحادی مشترکہ حکمتِ عملی طے ہو گی۔