لیگی رہنماؤں نے شیروں کی طرح ووٹ چوروں کا مقابلہ کیا: مریم نواز

March 06, 2021

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر لیگی رہنماؤں سے بدتمیزی اور جوتا اچھالنے کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فخر ہے کہ نون لیگی رہنماؤں نے شیروں کی طرح ووٹ چوروں اور غنڈوں کا مقابلہ کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پے در پے ذلت آمیز شکست، اقتدار ہاتھ سے جاتا دکھائی دے تو یوں دماغ کا الٹ جانا سمجھ آتا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاریہ اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مصدق ملک، مرتضی جاوید عباسی اور خصوصاً مریم اورنگزیب پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فخر ہے شیروں کی طرح ووٹ چوروں اور غنڈوں کا مقابلہ کیا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنماؤں احسن اقبال ، شاہد خاقان عباسی اور دیگر رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے لیگی رہنماؤں کو گھیر لیا، ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

نون لیگی رہنماؤں کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے شدید نعرہ بازی کی، تصادم کی صورتحال کے دوران مریم اورنگزیب کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جبکہ احسن اقبال کی جانب اچھالا گیا جوتا ان کے سر پر لگا۔