4350 چرس، 362 ہیروئن اور 707کلوگرام افیون برآمد کی ،پولیس

March 08, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر ) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں منشیات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے سال 2019 کے مقابلے سال 2020 میں زیادہ مقدار میں کروڑوں روپے مالیت کی 73 کلوگرام سے زائد آئس ، 4350 کلوگرام چرس، 362 کلوگرام ہیروئن، 707 کلوگرام افیون اور 4476 بوتل شراب برآمد کرلی ۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سال 2020 کے دوران ضلع بھر میں منشیات خصوصاََ آئس کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے دوران انسانی جانوں کے سوداگروں کے خلاف خصوصی کاروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد کی گئی ہے جو کہ سال 2019 کے مقابلے میں زیادہ ہے جس کے دوران 2871 مقدمات درج کرکے3481 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔جبکہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کی خاطر سال 2020 کے دوران 3260 مقدمات درج کرتے ہوئے 3707 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان میں مختلف تجارتی مراکز، تعلیمی اداروں کے آس پاس اور شہر کے نواحی علاقوں اور ہوٹلوں کو آئس سپلائی کرنے والے ملزمان سمیت ہمسایہ ملک سے آئس اپریٹ کرنے اور بعد ازاں بین الاقوامی سطح پر سپلائی کرنے والے گروہ اور ڈیلرز بھی شامل ہیں ۔خصوصی کریک ڈاون کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی 73 کلوگرام سے زائد آئس برآمد کی گئی۔پشاور پولیس کی جانب سے خصوصی کریک ڈاون کے دوران تعلیمی اداروں اور تجارتی مراکز، شہر کے نواحی علاقوں سمیت ہوٹلوں کو آئس سپلائی کرنے والے افراد اور ڈیلرز کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی نے واضح کیا کہ گرفتار ہونے والے افراد کے خلاف آئس کے لیے خصوصی بنائے گئے قانون کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس نے آئس جیسے مضر اور خطرناک نشہ کی روک تھام کیلئے جہاں مختلف تعلیمی اداروں میں آگہی و شعور دینے کا سلسلہ جاری رکھا وہاں آئس کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاون کا بھی سلسلہ جاری رکھا ہے جو آئس کے خلاف جاری جنگ میں پشاور پولیس کی سنجیدگی کا بین مظہر ہے۔منشیات کی روک تھام اور جرائم کی بیخ کنی اور تدارک کی خاطر پشاور پولیس کی جانب سے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ پولیو مہم ، عیدین، عید میلاد النبی، کرسمس اور دیگر متعدد اہم تقاریب اور پروگراموں میں مصروف رہنے کے باوجود سماج دشمن عناصر اور منشیات فروشوں سمیت مختلف جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔