پاکستانی نوجوان نے ’ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ‘ اپنے نام کرلیا

March 09, 2021

پاکستانی نوجوان عمیر مسعود نے آسٹریلیا کا ’ینگ سائنٹسٹ 2021‘ ایوارڈ حاصل کر کے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔

بین الاقوامی ادارے ’لیب روٹ‘ نے عمیر مسعود کو ’ینگ سائنٹسٹ 2021‘ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو یہ اعزاز دو الگ الگ سائنسی تحقیقات پر دیا گیا ہے۔

ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ کیلئے 121 ممالک کے طلبہ نے حصہ لیا تھا تاہم پاکستانی نوجوان پہلی پوزیشن لینے میں کامیاب رہا۔

خیال رہے کہ عمیر مسعود نے 2 مقالے انٹرنیشنل کانفرنس آف مالیکیولر بیالوجی اینڈ بائیو کیمسٹری آسٹریلیا اور انٹرنیشنل کانفرنس آف ٹشو اینڈ ری جنریٹو میڈیسن امریکا میں پیش کیے تھے۔

عمیر مسعود نے اپنے تحقیقی مقالوں میں بتایا کہ موروثی بیماریوں کے شکار افراد کے مرض کا جلد اور سستے طریقے سے پتا چلایا جا سکتا ہے۔

عمیر مسعود کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں بایو ٹیکنالوجی کے چوتھے سیمسٹر کے طالب علم ہیں۔