لاہور پریس کلب میں صحافی خواتین کیلئے ایوارڈز تقریب

March 10, 2021

لاہور(خبر نگار)پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے لاہور پریس کلب اورپی یو جے کے تعاون سے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سےمنگل کو لاہورپریس کلب میں خواتین صحافیوں کے اعزاز میں ایوارڈز تقریب کااہتمام کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے سینئر خواتین صحافیوں کو ایوارڈزاور سرٹیفکیٹس دئیے۔ پی یوجے کے صدر قمرالزمان بھٹی، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، وائز کی سی ای او بشریٰ خالق ، سوشل ایکٹوسٹ خرم خان اور لاہور چیمبر آف کامرس کی ممبر ایگزیکٹو عظمیٰ شاہد ، ویمن کمیٹی کی سربراہ اور صحافی خواتین کی بڑی تعدادایوارڈز تقریب میں شریک ہوئی۔ فردوس عاشق اعوان نے خواتین کے عالمی دن پر صحافی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین صحافی موجودہ دور میں جہاد اور ہر اول دستے کا کرادار ادا کررہی ہیں،خواتین صحافیوں کو کام کرنے کی جگہوں پر مناسب سہولیات نہیں مل رہیں،تاہم خواتین ہر لمحہ جدوجہد میں مصروف عمل ہیں،خواتین صحافیوں کے ٹرانسپورٹ مسائل حل کروائیں گے۔پنجاب حکومت پنجاب بینک سے ایم او یو سائن کریگی تاکہ خواتین کو آسان شرائط پر سکوٹی یا کار مل سکے۔ پریس کلب میں جگہ مل جائے تو یہاں ڈے کیئر سنٹر بنانے کیلئے تیار ہیں۔ پنجاب حکومت نے 16ورکنگ ویمن ہاسٹلز کو اپ گریڈ کیا ہے جبکہ 221 نئے ڈے کیئر سنٹرز بنا رہے ہیں، حکومت ویمن ڈویلپمنٹ کمپلیکس بھی تعمیر کرنے جا رہی ہے۔ سی ای او وائزبشری خالق نےخطاب کرتے ہوئے کہا صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور خواتین صحافیوں کے ساتھ ہیں۔ قمرالزمان بھٹی نے کہا حکومت خواتین صحافیوں کو ملازمت اور دیگر قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔ارشد انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں انہیں معاشرے کے منفی رویوں کا سامنابھی کرناپڑتاہے لیکن وہ بہادری سے تمام حالات کا سامنا کرتے ہوئے اپنے کازپرڈٹی ہوئی ہیں ،میں انہیں سلام پیش کرتاہوں ۔ حکومت میڈیا انڈسٹری کے بحران کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے ورنہ اسلام آباد میں دھرنا ہوگا۔ تقریب میں جنرل سیکرٹری پی یوجے خواجہ آفتاب حسن اور لاہور پریس کلب کے سیکرٹری زاہد چودھری سمیت خواتین صحافیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔صحافی خواتین سعدیہ صلاح الدین، فرح وڑائچ ، سمعیہ اعجاز ، فاخرہ تحریم، وسیم فاطمہ ،ناصرہ عتیق ،فرزانہ چودھری ،عطیہ زیدی ،شمائلہ شبیر ،روبی رزاق، پروین خان ،ہما بخاری ،خالدہ یوسف ،ڈاکٹر عارفہ صبح خان ، رابعہ عظمت ،روبینہ نذیر چوہان ،رفیعہ ناہید، تمثیلہ چشتی،سعدیہ قریشی ،شاہدہ بٹ ،سعدیہ مقبول، صبا ممتاز، ام فروا، مروا عنصرچودھری ،سعدیہ خان ،نائلہ ندیم اور درخشندہ علمدارکو ایوارڈز دئیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان ، بشریٰ خالق، روبینہ خان ، عظمیٰ شاہد ،فردوس کامران طوسی ، خرم خان اور اقبال شاہد کو لاہور پریس کلب اور پی یو جے کی طرف سے شیلڈز پیش کی گئیں۔