علی سدپارہ کے بعد ایک اور پاکستانی کوہِ پیما لاپتہ

March 10, 2021

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کوہِ پیما نثار سدپارہ دنیا کے11ویں بلند ترین پہاڑ گاشر برم‎ 1کو موسم سرما میں سر کرنے کی کوشش کے دوران لاپتہ ہوگئے ہیں ۔

علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا کہ نثار سدپارہ اس سے قبل 3 مرتبہ یہ چوٹی سر کرچکے ہیں۔

ساجد سدپارہ نے بتایا کہ انہوں نے 8ہزار 611 میٹر بلند دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو ایک مرتبہ، 8 ہزار 126 میٹر بلند دنیا کے 9 ویں بلند ترین پہاڑ نانگا پربت کو ایک مرتبہ، 8ہزار 48 میٹر بلند دنیا کے 12 ویں بلند ترین پہاڑ براڈ پیک کو ایک مرتبہ اور 8035 میٹر بلند دنیا کے 13 ویں بلند ترین پہاڑ گاشر برم 2 کو 4 مرتبہ سر کرچکے ہیں ۔

خیال رہے کہ پانچ فروری کو سردیوں میں مہم جوئی کے دوران کے ٹو پر لاپتہ ہونے والے 45 سالہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سد پارہ موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی میں مصروف تھے اور اس مہم جوئی میں ان کے ساتھ ان کے بیٹے ساجد سدپارہ سمیت غیر ملکی کوہ پیما بھی تھے۔