یہ کیمرے اگلے درجے کی دھاندلی ہے: شرمیلا فاروقی

March 12, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے اپوزیشن کے پولنگ بوتھ کے اندر لگے کیمروں کو اگلے درجے کی دھاندلی قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شرمیلا فاروقی نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سےاپوزیشن کے پولنگ بوتھ کے اندر لگے کیمروں کی تصویر شیئر کی۔

شرمیلا فاروقی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ تو اگلے درجے کی دھاندلی ہے۔‘

پی پی رہنما نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں ایک اور کیمرے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے حیرانگی کا اظہار کیا۔

شرمیلا فاروقی نے حیرت زدہ انداز میں لکھا ’ایک اور جُرم۔‘

واضح رہے کہ سینیٹ اجلاس میں ایوان کے اندر اپوزیشن نے احتجاج کیا، مصدق ملک اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پولنگ بوتھ کے اندر دو کیمرے لگے ہوئے ہیں، اپوزیشن ارکان نے پولنگ بوتھ اکھاڑ کر سیکریٹری سینیٹ کی نشست پر رکھ دیا۔

سینیٹ ایوان کے اندر اپوزیشن نے احتجاج کیا، جبکہ حکومتی ارکان بھی خاموش نہیں رہے، مصطفی نواز کھوکر نے کہا کہ سیکرٹری سینیٹ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ پولنگ بوتھ کے پیچھے کیمرا نہ لگا ہو۔