پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے 2015 کے سینیٹ الیکشن کی خاص یاد تازہ کردی ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عریشہ نامی صارف نے شرمیلا فاروقی کی وہ یادگار تصویر شیئر کی کہ جب وہ اپنی شادی کے دن مہندی لگے ہاتھوں سے 2015 کے سینیٹ الیکشن کا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اسمبلی پہنچی تھیں۔
مذکورہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شرمیلا فاروقی نے جامنی اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ اُن کے ہاتھوں میں خوبصورت مہندی لگی ہوئی ہے۔
صارف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ ایک خوبصورت تصویر ہے کیونکہ یہ ایک خوبصورت یاد دلاتی ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ ہمارے ملک کی تاریخ کی پہلی دلہن ہیں جنہوں نے اپنی شادی کے دن سینیٹ الیکشن کا ووٹ کاسٹ کیا تھا۔‘
شرمیلا فاروقی نے ٹوئٹر صارف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’ہاں! وہ 5 مارچ 2015 کا دن تھا۔‘
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔
واضح رہے کہ شرمیلا فاروقی کی شادی 2015 میں ہوئی تھی، اُن کا نکاح 28 فروری کو ہوا تھا جبکہ رخصتی کی تقریب 5 مارچ کو ہوئی تھی۔
شادی کی تقریب میں اس وقت کے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سمیت وفاقی اور صوبائی وزراء نے شرکت کی تھی۔
شرمیلا فاروقی کے ہاں سال 2018 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام ’حسین‘ ہے۔