اسپیکر قومی اسمبلی بتائیں کیمرے کس نے لگائے، فیصل کریم کنڈی

March 14, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمنٹ کی بلڈنگ کے کسٹوڈین ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی بتائیں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے پہلے کیمرے کس نے لگائے؟ اگر انہیں بھی نہیں پتا تو وہ مستعفی ہوجائیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیکریٹری سینیٹ کے کہنے کے مطابق سات مُہر امیدوار کے نام پر پڑے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری کو ووٹ کم پڑنے کی تحقیقات کروائیں گے، پی پی نے لیگل کمیٹی بنائی ہے یہ مشاورت کے بعد ہائی کورٹ جائیں گے، ہماری لیگل ٹیم منگل یا بدھ کو ہائی کورٹ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جو متفقہ فیصلہ کرے گی، اس کے لیے پیپلز پارٹی تیار ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گیلانی کی جیت نے ثابت کردیا ہم تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں، ہم نے چیلنج قبول کیا ہے، عدالتوں میں جا رہے ہیں، عدالتوں سے انصاف نہیں ملا تو پی ڈی ایم آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نے کہا کہ کروائے کے حکومتی ترجمانوں کو پی ڈی ایم کی بڑی فکر ہو رہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے پر پی ڈی ایم کے مشکور ہیں، حقیقت یہ ہے کہ یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوئے ہیں، گیلانی کی جیت پر دن دیہاڑے ڈاکا ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسر مظفر شاہ نے بددیانتی کا مظاہرہ کیا، مظفر شاہ کا تعلق جی ڈی اے سے ہے، وہ جانبدار تھے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ الیکشن کی رات پارلیمنٹ ہاؤس میں کیا کر رہے تھے۔