پی ڈی ایم مولانا کو بیوقوف بنارہی ہے، پرویز خٹک

March 14, 2021


وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم مولانا کو بیوقوف بنا رہی ہے، مولانا کو عقل آجانی چاہیے کہ پی ڈی ایم کی صدارت چھوڑ دیں، کل یہ دھرنے کے لیے آئے تو مولانا کو آدھے راستے میں چھوڑ جائیں گے۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں اپوزیشن کی شکست پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے پی ڈی ایم پر طنز کے وار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں بڑا مزیدار کھیل ہوا، سب نے ایک دوسرے سے بدلہ لیا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے بدلہ لیا، سات ووٹ ڈائریکٹ ڈال کر مسترد کروائے، تاکہ سمجھ آجائے کہ جھٹکا کیسے دیتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ان لوگوں نے مولانا کو بھی دھوکا دیا، پورے کھیل میں مجھے تو بڑا مزا آیا، کھیل آگے بھی چلے گا، یہ اسی طرح ایک دوسرے کو ماریں گے اور ہم تماشا دیکھیں گے، انجوائے کریں گے۔