چینی کی قیمت کنٹرول سے باہر، دس بڑے شہروں میں 100 روپے سے زیادہ

March 15, 2021

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز)چینی کی قیمت کنٹرول سے باہر ہو گئی ، 10بڑے شہروں میں قیمت 100روپے فی کلو یا اس سے زائد ہوگئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق کراچی میں چینی سب سے مہنگی ہوگئی ہے اور اس کی قیمت 105 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے ۔ملک کے 6 شہروں میں فی کلو چینی 100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 105 روپے، کوئٹہ، بہاولپور، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور میں 100 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے ، حیدرآباد میں 98 سے 100 روپے اور فیصل آباد میں 98 روپے کلو مل رہی ہے۔

اس کے علاوہ خضدار97، سرگودھا 96، سکھر 98، لاڑکانہ95 اور بنوں میں چینی 95 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 98 روپے50پیسے پر پہنچ گئی ہے۔جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6روپے تک اضافے کی سمری اوگرا نے ارسال کردی، اور آج سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

اوگرا کی جانب سے ارسال کی گئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور لائٹ ڈیزل میں 6 ، 6 روپے فی لیٹر جب کہ مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ساڑھے 4 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

تاہم پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت و منظوری کے بعد وزارت خزانہ کرے گی۔