جدید دور سے ہم آہنگ سینیٹری ویئرز

March 21, 2021

گھر میں کچن، ٹی وی لاؤنج اور بیڈ روم کے علاوہ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا حصہ باتھ روم ہوتا ہے۔ یہ ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے، جس کا جدید اورباسہولت ہونا آپ کے لیے آرام کا باعث بنتا ہے۔ ساتھ ہی صحت اور تندرستی کے لیے بھی محفوظ ماحول فراہم کرتا ہے۔ ایک ایسی جگہ، جہاں روزانہ سب کا کچھ نہ کچھ وقت گزرتاہو تو کیوں نہ وہاں نئے اور جدید ٹرینڈز کے حامل سینیٹری ویئر لگائے جائیں۔ سینیٹری ویئر عموماً پورسلین مٹیریل کے بنے ہوتے ہیں، جو کہ سیرامک کی ایک قسم ہے۔

تاہم ، وقت کے ساتھ ساتھ اب مختلف مواد سے سینیٹری کا سامان تیار کیا جانے لگا ہے، جن میں دھاتیں، ایکریلیک، شیشہ اور دیگر شامل ہیں۔ 'آجکل مارکیٹ میں بہت دلکش، استعمال میں آسان اور کم جگہ گھیرنے والے سینٹری ویئرز دستیاب ہیں، جو سفید کے علاوہ مختلف رنگوں میںمل جاتے ہیں۔ آپ اپنے باتھ روم میں منفرد طرز کے بیسن، نلکے اور باتھ ٹب نصب کرواکے ساتھ خوبصورت انداز والا بڑا سا آئینہ لگاسکتے ہیں۔ اس طرح آپ کا باتھ روم خوبصورت دکھنے کے ساتھ کشادہ بھی معلوم ہوگا۔

ماہرانہ فنکاری اور جدیدطرز پر تعمیرکیا گیا باتھ روم الگ ہی نظر آتا ہے۔ سنہرے رنگ کی ٹائلز، واش بیسن، کموڈ اور دیگر سامان پرمشتمل باتھ روم حسین امتزاج فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ سفید، سیاہ ، نیلا، مہرون، سبز اور سرمئی رنگ بھی کافی جچتا ہے۔ آئینوں اور شیشوں سے مزین باتھ روم میں مختلف مواد سے بنے جاذب نظر واش بیسن، کموڈ اورباتھ ٹب لگائے جاسکتے ہیں۔

رنگین آئینوں کے ساتھ اسی رنگ کے شیشے سے بنے فریم عمدہ منظرپیش کر سکتے ہیں، بالخصوص جب باتھ روم کی تنصیبات پر روشنی منعکس ہوکر پڑتی ہو۔ کسی بھی باتھ روم میں جدید طرز کی سینیٹری فٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ توجہ بھی واش بیسن اور نہانے کے لیے مخصوص جگہ پر لوازمات فراہم کرنے پر دی جاتی ہے، جیسے کہ باتھ ٹب اور خوبصورت شاور وغیرہ۔

واش بیسن

جدید ڈیزائن کے واش بیسن (گول یا بیضوی)کی تنصیب کم جگہ پر بھی ہوجاتی ہے اور یہ استعمال میں مضبوط اور پائیدار ہوتے ہیں۔ اس طرح کے جدید ڈیزائن ہوٹلز اور مالز وغیرہ میں بھی لگے نظر آتے ہیں جو ایک چھوٹی فیملی کو استعمال میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔ واش بیسن کو کیبنٹس اور درازوں کے اوپر بھی نصب کیا جاسکتا ہے جس کے لیے کاؤنٹر بنانا پڑتا ہے ۔

پورسلین سے بنے سفید رنگ والے واش بیسن کے ساتھ شوخرنگ وروغن کرنے سے باتھ روم میں دلکشی آجاتی ہے۔ روشنی کے بھرپور اور منفرد انتظام کے ساتھ دیواروں پر کیا گیا سفید رنگ اور واش بیسن کا بھورا رنگ مثالی آرٹ کا نمونہ پیش کرسکتا ہے۔ واش بیسن کے انوکھے اندازکے ساتھ دیواروں پر خوبصورت پینٹنگز بناکر یا تصویریں لگاکر باتھ روم کو منفرد بنایا جاسکتا ہے۔

باتھ ٹب

نہانے کی جگہ کو شیشے کی دیوار کے ذریعے واش بیسن اور کموڈ سے الگ کیاجاسکتاہے۔ واش بیسن کے لیے مخصوص جگہ اور اس کے ساتھ باتھ ٹب کی اُونچی مگر محفوظ تنصیب ایک اچھوتا خیال ہے۔ باتھ ٹب کو باقی حصے سے الگ کرنے کے لیے پردے یا شیشے کے فریم کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔

نل

ماڈرن ٹچ دینے کے لیے دو ہینڈل پر مشتمل گولڈن کلر اسکیم نل (faucet) استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ یہ نل دیگر اقسام کے مقابلے زیادہ پائیدار ثابت ہوں گے، جنہیں بغیر پریشر دیے کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے ۔ دو ہینڈل والے نل کے بجائے ایک ہینڈل والے نل (سنگل بال ٹیپ) کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں۔ اس نل کی پیچ دار ٹونٹی گول شیپ کی ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ان نلوں کو بال ٹیپ کہا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ ڈسک ٹیپ استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اسے ماہرین فوسیٹ کی ایڈوانس ٹیکنالوجی میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔ یہ نل بھی سنگل ہینڈل ہوتے ہیں لیکن اپنی جداگانہ اور خوبصورت شیپ کی بدولت باتھ روم میں دلکش اضافہ ثابت ہوتے ہیں۔

ٹائلز

سبز رنگ کے دلفریب سلیٹی ٹائلز اور ان پر بنے جیومیٹری کے شاندار ڈیزائن باتھ روم میں موجود واش بیسن، باتھ ٹب اور کموڈ کو کمپلیمنٹ کرتے ہیں۔ فرش کے لیے ٹائلز کے خوبصورت ڈیزائن بھی باتھ روم کو دلکشی فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ باتھ روم کو نمی اور سیپیج سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی فرش کے لیے خوبصورت رنگوں والی ٹائلز استعمال کی جاتی ہیں جبکہ دیواروں کو سیرامک ٹائلز یا پتھروں سے سجایا جاسکتا ہے ۔ باتھ ٹب اور واش بیسن کے احاطے پر بھی ٹائلز لگائے جاسکتے ہیں تاکہ اس کی دیواریں نمی اور پانی کے چھینٹوں سے محفوظ رہیں۔

بھورے رنگ کے ٹائلز سے مزین فرش کے ساتھ شیشےکے خوبصور ت ڈیزائن والے فریم باتھ روم کو منفرد اور ممتاز بناسکتے ہیں۔ پالش شدہ ماربل کی چمکدار ٹائلز کو گیلا ہونے سے محفوظ رکھنےکے لیے ان پر میٹ بچھایا جاسکتا ہےاور ساتھ ہی روشنی کے شاندار زاویوں سے باتھ روم کو صاف وشفاف اور نفیس دکھایا جاسکتاہے۔

دیگر لوازمات

بھورے رنگ والے واش روم میں نہانے کی جگہ کو شیشے کی دیوار سے جدا کیا جاسکتا ہے۔ نہانےکا کیبن عموماً شیشے کا ہی بنایا جاتا ہے، اس کے ساتھ لکڑی کے طاقچوں میں بیل بوٹوں کی سجاوٹ قابل دید لگتی ہے۔ اگر باتھ روم کشادہ ہے تو گملوں میں خوبصورت پودے بھی رکھے جاسکتے ہیں، اس طرح وہ اور بھی منفرد انداز پیش کرے گا۔ واش بیسن اور سینیٹری فٹنگز کے عقب میں شیشے سے بنی چھوٹی سی کیبنٹ باتھ روم میں اشیا رکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔