• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کی باتیں کرنیوالا تیسری عالمی جنگ کی طرف گامزن؟

کراچی (ٹی وی رپورٹ)امن کی باتیں کرنیوالا تیسری عالمی جنگ کی طرف گامزن؟۔ جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر نے تیزی سے بدلتی عالمی صورتحال پر مفصل تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ ایران یا افغانستان پر حملہ کردے گا تو پھر پاکستان کی پالیسی کیا ہونی چاہئے، ایران یا افغانستان پر حملہ کرے تو پاکستان کو اپنا موقف اور تعاون محتاط انداز میں رکھنا ہوگا، پوری دنیا میں یہ بحث شروع ہوگئی ہے وینزویلا کے بعد ٹرمپ کا اگلا ٹارگٹ کونسا ملک ہوگا؟۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں کارروائی کی جسے امریکی سینیٹرز عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔ وینزویلا کے پاس 14 کھرب ڈالر سے زائد قدرتی وسائل ہیں۔پاکستان کے لئے اہم چیلنج یہ ہے کہ اگر امریکہ ایران یا افغانستان پر حملہ کرے تو پاکستان کو اپنا موقف اور تعاون محتاط انداز میں رکھنا ہوگا۔پانچ جنوری کو اقوام متحدہ نے قرارداد پاس کی تھی کہ کشمیری عوام کو آزادانہ اور منصفانہ رائے سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہے۔پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال وہ غزہ میں فوج نہیں بھیجے گا اور سیکیورٹی پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔ بھارت امریکہ کے نقش قدم پر چل سکتا ہے اور آزاد کشمیر پر حملے کی دھمکی دے چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ جب سے امریکہ کے دوسری دفعہ صدر بنے ہیں ایسا محسوس کیا جارہا ہے کہ وہ نت نئی جنگیں چھیڑ کر نیا ریکارڈ بنانے میں مصروف ہیں۔ ٹرمپ کو دو دفعہ امن کے نوبیل انعام کے لئے ہم نے نامزد کیا تھا وہ اگر افغانستان یا ایران پر حملہ کردیتے ہیں تو پاکستان کی کیا پالیسی ہونی چاہئے۔ جبکہ وہ اپنے انتخابی مہم میں کہتے رہے کہ میں پیس میکر کے طورپر دنیا کے سامنے آؤں گا۔ امریکن سینیٹر کہتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جو وینزویلا میں کیا ہے یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ حامد میر نے مزید کہا کہ تاہم ٹرمپ نے یہ خلاف ورزی پہلی دفعہ نہیں کی ہے اگر ہم پچھلے ایک سال کا جائزہ لیں تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ 2025 کا آغاز انہوں نے یمن میں آپریشن سے کیا تھااور اسی سال کئی مرتبہ صومالیہ پر حملے کئے گئے جن کی تعداد تقریباً ایک سو گیارہ ہے اور اس میں بڑی تعداد میں عام شہری مارے گئے تھے ۔ بائیس جون کو ایران پر بمباری کی دسمبر میں شام کے کچھ علاقوں پر بمباری کی نائیجریا میں بھی حملہ کر کے کہا کہ داعش کے خلاف کارروائی کی ہے اور سال کے آغاز میں وینز ویلا پر حملہ کر دیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید