احسن اقبال کا آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے بیانات پر تبصرے سے انکار

March 23, 2021

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بیانات پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

لاہور میں مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے بیان پر ہم نے کوئی تبصرہ نہیں کیا، ہمارا ہدف عمران خان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے بیانات کا جواب نہیں دیں گے، ہم ذاتیات پر بیان بازی سے پرہیز کریں گے۔


ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ جس نے بھی اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے مقصد کو نقصان پہنچایا قوم اُسے معاف نہیں کرے گی، ہم نہیں چاہتے کہ ہماری وجہ سے حکومت کو کوئی بیل آؤٹ ملے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج کار خانے بند ہیں، مزدور اور کسان پریشان ہیں، وعظ اور لیکچر سے حکمرانی نہیں ہوتی ہے، عمران خان کی حکومت میرٹ بالکل بھی نہیں ہے۔

احسن اقبال نے استفسار کیا کہ ہم اسمبلیوں میں میں بیٹھ کیا کررہے ہیں؟ جو باہر آجائیں تو نقصان ہوجائے گا؟

انہوں نے کہا کہ ہم آئین، ووٹ اور حقوق کا احترام چاہتے ہیں، اگر اپوزیشن متحد ہوکر استعفے دیتی ہے تو حکومت ریت کی دیوار کی طرح گر جائے گی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ کے خواب کی تعبیر ہے، اس ملک کا خمیر بُلٹ نہیں بیلٹ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب ہم نے ووٹ کو عزت نہیں دی تو مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہوگیا، آج بھی جو مسائل ہیں اُس کی وجہ ووٹ کو عزت نہ دینا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء کے جنرل الیکشن میں لوگوں نے ووٹ ن لیگ کو ڈالا مگر اُن کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔