کابینہ نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں اضافہ کردیا

March 24, 2021

وفاقی کابینہ نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں اضافہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے مارجن میں اضافے کی تجویز اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے دی تھی، کابینہ نے جس کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے پٹرول کی مد میں آئل کمپنیوں کے مارجن میں 6 فیصد کے حساب سے17 پیسے کا اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ایک لیٹر پر نیا مارجن 2 اعشاریہ 98 روپے ہوگا۔


منظوری کے بعد پٹرول کے تناسب سے ہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کے مارجن میں بھی 17 پیسے کا اضافہ کیا ہے، اب نیا مارجن 2 اعشاریہ 98 روپے ہوگا۔

کابینہ نے ڈیلرز کے لیے پٹرول کی مد میں 6 فیصد کے حساب سے 22 پیسے کے مارجن کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد ایک لیٹر میں اب مارجن 3 اعشاریہ 92 روپے ہوگا۔

ڈیلرز کے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی مد میں 6 فیصد کے حساب سے19پیسے کا مارجن بڑھایا گیا، اضافے کے بعد نیا مارجن 3 اعشاریہ 31 روپے ہوگا۔