کورونا وائرس، ملک کے 19 اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند، سندھ میں کھلے رہیں گے

March 25, 2021

اسلام آباد، کراچی (نمائندہ جنگ، اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں)پنجاب کے 9، خیبرپختونخوا کے 10اضلاع اوراسلام آباد میں تعلیمی ادارے 11؍ اپریل تک بندرکھنے کافیصلہ کیا گیاہے۔اسلام آباد، پنجاب، پختونخوا کے 19؍ اضلاع میں تعلیمی ادارے 11؍ اپریل تک بندرہیں گے، پنجاب میں لاہورسمیت 9؍ اضلاع کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ،سرگودھا اورشیخوپورہ پربھی ہوگا۔ دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں رہیں گے۔ فاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سنٹر(این سی اوسی) میں وزرائے تعلیم کے کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ این سی او سی نے 15 سے 28 مارچ تک سلیکٹڈ علاقوں میں تمام اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز، اکیڈمیز اور مدارس بند کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان ہی اضلاع میں اب 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رکھے جائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ صوبے کرینگے کہ کن اضلاع میں اسکول بند کرنے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نویں تا بارہویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں، جون میں یا جولائی میں ضرور ہوں گے جب کہ کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہونے والے ہیں لیکن ان سے ایک اور میٹنگ کر کے کیمبرج سسٹم کا فیصلہ کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلی مرتبہ بھی ہم نے بچوں کو اگلی کلاسز میں پروموٹ کر دیا تھا لیکن اس مرتبہ امتحانات لیے جائینگے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔