یہ 3 سال بعد بھی وزیرخزانہ تلاش کر رہے ہیں، احسن اقبال

April 05, 2021


مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کی تین سالہ کہانیوں نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے، یہ تین سال بعد بھی وزیرخزانہ تلاش کر رہے ہیں، شخصی سحر سے نکلیں اور آنکھیں کھولیں۔

اسلام آباد کی نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آج پھر نیب کے جھوٹے ریفرنس کے حوالے سے پیشی دی، عمران خان نے نارووال کا جھوٹا ریفرنس دائر کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اپنا ایجنڈا پورا نہیں کرسکتے کیونکہ عدلیہ ان کیساتھ تعاون نہیں کررہی، عمران خان پاکستان کی عدلیہ سے کس قسم کا تعاون مانگ رہے ہیں، انہیں ایسا تعاون چاہیے جو ان کی الف لیلیٰ کی کہانی کے حوالے سے کیا جائے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں نیب ریفرنس کی سماعت میڈیا عوام کو کیمرے کے ذریعے دکھائے، تین سال ہوگئے ان کہانیوں کے پیچھے، ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے، پاکستان تین سال میں قرضوں کے جال میں دھنس گیا ہے، مسلم لیگ نون کے 5 سال کے قرضے پیداواری نوعیت کے تھے جس سے ملک کی ترقی ہوئی۔

احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت کی تین سالہ کہانیوں نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے، پاکستان تین سالوں کے دوران قرضوں میں دھنس گیا ہے، عمران نیازی نے قرضہ خسارہ پورا کرنے میں پھونک دیا، ہماری لاغر معیشت قرضوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کو ہم نے 4 سو ارب کا بجٹ دیا تھا، آپ نے ایک سو ارب کردیا، ادھورے منصوبے مکمل کرنے کیلئے ایک ہزارارب روپے لگانے پڑیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ہماری قسمت کے فیصلے آئی ایم ایف کے بابو کریں گے۔