ترکی: نہر منصوبے پر تنقید کرنیوالے بحریہ کے 10 سابق کمانڈرز زیر حراست

April 06, 2021

استنبول میں نہر بنانے کے منصوبے پر درجنوں ریٹائرڈ ایڈمرلز کی تنقید پر ترک صدر نے ان پر ملک میں سیاسی بغاوت کی کوششیں کرنے کا الزام لگایا ہے، گزشتہ روز اس سلسلے میں ترک پولیس نے بحریہ کے 10 سابق کمانڈرز کو حراست میں بھی لیا تھا۔

حراست میں لیے گئے 10 ایڈمرلز پر ’ریاست کی سلامتی اور آئینی حکم کے خلاف جرم کے ارتکاب‘ کے الزام کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔

حراست میں لیے جانے والے یہ افراد ان 104 ریٹائرڈ ایڈمرلز میں شامل ہیں جنہوں نے اس مشترکہ خط میں ترک حکومت کوخبردار کیا تھا کہ نہر بنانے کے منصوبے سے ترکی کی اہم آبی گزرگاہوں کے استعمال سے متعلق معاہدہ ممکنہ طور پر خطرے میں پڑسکتا ہے۔