حیدرآباد کیلئے برٹش ایئرویز کی پرواز لندن سےاڑتے ہی فنی خرابی کا شکار، ہیتھرو ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

April 08, 2021

کراچی(افضل ندیم ڈوگر) برٹش ایئر ویز کی لندن سے حیدرآباد کیلئے پرواز میں اڑان کے فوری بعد ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی پونے دو گھنٹے تک نچلی پرواز کرنے کے بعد بوئنگ 777 طیارے نے یہ ٹو ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے 277 نے بھارت کے شہر حیدرآباد کیلئے مقامی وقت کے مطابق تین بجکر 35 منٹ پر ابھری۔ ٹیک آف کے فوری بعد طیارے میں ہنگامی صورتحال کے سگنل موصول ہوئے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے اگلے احکامات تک طیارے کو فضا میں ہی ہولڈ کرلیا۔ جہاز نے پہلے لندن شہر پھر قریبی سمندر پر ایک گھنٹہ 35 منٹ تک 7 ہزار فٹ سے بھی نچلی پرواز کرتا رہا۔ بعد ازاں ایک کنٹرول کی ہدایت ملنے پر کپتان نے لندن کے مقامی وقت کے مطابق شام سوا پانچ بجے ہنگامی لینڈنگ کی۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں۔