سیف سٹی صنعتکاروں اورکاروباری سیکٹرکے تعاون سے جلد فعال ہوسکتاہے ،ایڈیشنل آئی جی

April 08, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر)سیف سٹی ایک بڑا میگا پراجیکٹ ہے اس میں بہت سے سٹیک ہولڈرز ہیں ،ہمارا خیال ہے کہ اگراس پراجیکٹ میں صنعتکار اور کاروباری سیکٹرمعاونت کرے تو اسے جلد فعال کیاجاسکتاہے ۔ایوان تجارت وصنعت ملتان میں ایڈیشنل انسپکٹرجنرل پولیس ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر)ظفراقبال اعوان نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ سیف سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے ہمیں کیش نہیں بلکہ سیکورٹی کیمروں اوردیگرتنصیبات کی شکل میں معاونت فراہم کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معیشت اورسیکورٹی دونوں لازم وملزوم ہیں، شہرمیں ٹریفک بلاک کی بڑی وجہ تعلیمی اداروں کاایک وقت میں کھلنے اوربندہوناہے ،اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کی آمد کے پیش نظر صنعتی وکاروباری سیکٹرکیش ٹرانزیکشن کی ہمیں پہلے سے اطلاع دیں ہم سیکورٹی فراہم کریں گے اسی طرح اگرآپ لوگوں کے پاس غیرملکی مہمان یافنی ماہرین آئیں تو ان کی بھی ہمیں بروقت اطلاع دیں تاکہ مکمل سیکورٹی فراہم کی جاسکے ۔ اس موقع پرایوان تجارت وصنعت ملتان کے صدر خواجہ صلاح الدین ،ایوان تجارت وصنعت ڈیرہ غازیخان کے صدر خواجہ جلال الدین رومی اور دیگر ممبران نے کہاکہ 15کی کال پہلے لاہور جاتی تھی پھرجہاں سے کال کی جارہی ہوتی تھی وہاں اس کاردعمل دیاجاتاہے سسٹم کو ٹھیک کرکے اس کاردعمل فوری طورپرمقامی سطح پرہی دیاجاناچاہیے اورپولیس کی جانب سے تشکیل شدہ مختلف کمیٹیوں میں ملتان چیمبرکو بھی نمائندگی دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ انڈسٹریل سٹیٹ میں ایک پولیس چوکی قائم کی جائے ،اس کے لئے فنڈنگ اوراگروہیکلزکی ضرورت ہوتو وہ انڈسٹریل سٹیٹ کے صنعتکافراہم کرنے کوتیارہیں ۔