انگریزی صرف ایک زبان ہے، علم نہیں، عمران اشرف

April 08, 2021

پاکستان کے معروف اداکار عمران اشرف انگریزی زبان سے متعلق کہے گئے الفاظ پر مداحوں کی جانب سے خوب داد سمیٹ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام کے ایک شوبز پیج کی جانب سے عمران اشرف کا ایک پرانا پیغام شیئر کیا گیا ہے جس میں اداکار کا کہنا ہے کہ ’ انگریزی صرف ایک زبان ہے، میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ یہ کوئی علم نہیں ہے۔‘

سوشل میڈیا پیج کی جانب سے شیئر کیے گئے اس پیغام پر عمران اشرف کی جانب سے بھی کمنٹ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’اُن کے اس بیان کا مقصد یہ بات عام کرنا ہے کہ جو انسان انگریزی نہیں بولتا وہ جاہل نہیں ہوتا ہے، اردو زبان کو بھی عام طور پر خاص سمجھ کر استعمال ہونا چاہیے، انگریزی اسٹیٹس سِمبل بنا دیا گیا ہے۔‘

عمران اشرف کے اس کمنٹ پر ہزاروں لائیکس اور کمنٹ آ چکے ہیں جن میں اُن کے مداحوں کا اُن کے اس الفاظ کی تائید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’وہ بالکل صحیح کہہ رہے ہیں، بس یہ بات آج کل کے والدین کو سمجھانے کی ضرورت ہے۔‘