ڈسکہ الیکشن، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا نوشین افتخار، علی اسجد ملہی کو ٹیلیفون

April 10, 2021

این اے 75 ڈسکہ کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے مسلم لیگ نون کی امیدوار نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے مطابق نوشین افتخار اور علی اسجد ملہی کو ٹیلی فون کیاگیا اور ہدایت کی گئی کہ ان کا حمایتی کوئی رکن اسمبلی حلقے میں داخل نہ ہو۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے جیو نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ اگر کوئی رکن اسمبلی حلقے میں آیا تو سخت ایکشن ہو گا ،اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس ہوگی۔

واضح رہے کہ ڈسکہ میں انتخابی دنگل آج ہوگا، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے اپنے اپنے کِلّے مضبوط کرلیے۔

این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نوشین افتخار اور تحریک انصاف کی جانب سے علی اسجد ملہی امیدوار ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈسکہ شہر کی تمام اہم سڑکوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔