’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی جنگ جیتی، مریم نواز

April 11, 2021


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ڈسکہ کے عوام اور نوشین افتخار کو شاباش اور مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تم نے ایک بار پھر ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی جنگ جیتی۔

(ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جب بھی منصفانہ الیکشن ہوں گے جیت شیر کی ہی ہوگی۔

انہوںنے کہا کہ دنیا پر واضح ہوا کس طرح 19 فروری کو کٹھ پتلی وزیراعظم کی نگرانی میں ووٹ کی عزت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی، جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے۔

ادھر (ن) لیگی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ووٹ چور سلیکٹڈ مافیا ہار گیا۔ ڈسکہ کے عوام نے ووٹ، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوروں سے بدلہ لیا۔

انہوںنے کہا کہ عوام نے فیصلہ سنادیا کہ سلیکٹڈ نیازی گھر جاؤ۔ ڈسکہ کے عوام کی لائی تبدیلی پورے پاکستان میں تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسجد ملہی کو شکست دے دی ہے۔