حکومت نے ترقیاتی فنڈز من پسند افراد میں تقسیم کردیئے‘ ن لیگ

April 12, 2021

کوئٹہ (پ ر )پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ جنرل سیکرٹری نسیم الرحمٰن ،آغا عمر شاہ ،جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال، جنرل سیکرٹری پشین میر وائس کاکڑ ،ایڈووکیٹ طارق محمود بٹ، ایڈووکیٹ ارباب اقبال،ذاکر بنگلزئی، آصف حریفال ،شہباز خان اورضمیر اختر نے بیان میں حکومتی دعویٰ کہ صوبے میں اٹھارہ ہزار ملازمتیں دی گئیں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملازمتیں یا تو حکمرانوں کے گرد گھومنے والوں کو ملی ہیں یا پھر فروخت کردی گئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ترقیاتی فنڈز کا حال ہوا اسی طرح ملازمتوں کا بھی ہوا ہوگا۔ترقیاتی فنڈز من پسند افراد اور کرپشن کی نذر کردیئے گئے کیونکہ صوبے میں کوئی ترقیاتی منصوبہ نظر نہیں آیا۔ کوئٹہ کی خوبصورتی کے دعوے بھی دھرے رہ گئے آج صوبائی دارالحکومت آلودہ ترین شہروں میں شمار ہونے لگا ۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور سٹریٹ لائٹس کئی عرصے سے غیر فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز ضرورت کے تحت نہیں بلکہ خواہش کی بنیاد پر تقسیم ہورہے ہیں اور غیر منتخب نمائندوں کو بھی اربوں روپے دے دیئے گئے ۔