شام: حکومت نے 2018 میں باغیوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کیے، عالمی رپورٹ جاری

April 12, 2021

شام میں حکومتی فورسز نے 2018 میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں کیے گئے حملے میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا، عالمی تنظیم برائے ممنوعہ کیمیائی ہتھیار نے رپورٹ جاری کر دی۔

شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ استعمال پر تحقیقات کرنے والی عالمی تنظیم او پی سی ڈبلیو کا کہنا ہے کہ شامی فورسز نے 2018 میں سراقب شہر میں کلورین بم کا استعمال کیا۔

شامی ایئرفورس کے ہیلی کاپٹر سے شامی باغیوں کے زیر قبضہ رہائشی علاقے میں کلورین بم کا سلینڈر گرایا گیا۔

سراقب میں 2018 کے حملے میں 12 افراد متاثر ہوئے تھے، شامی حکومت اور اتحادی روس کی جانب سے رپورٹ پر ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

ممنوعہ ہتھیاروں کی عالمی تنظیم نے شام میں 2017 میں بھی حکومتی فورسز کی جانب سے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی رپورٹ دی تھی، شام اور روس دونوں شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تردید کرتے رہے ہیں۔