کورونا، یورپ میں اموات 10 لاکھ سےمتجاوز

April 13, 2021

کورونا وائرس سے یورپ میں اموات کی تعداد 10 لا کھ سے تجاوز کر گئی۔خبر ایجنسی کے مطابق 60 فیصد اموات صرف یورپ کے 6 ممالک میں ہوئی ہیں۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ میں ایک لاکھ 27 ہزار 100، اٹلی میں ایک لاکھ 14 ہزار 612، روس میں ایک لاکھ 3 ہزار 263، فرانس میں 99 ہزار 163، جرمنی میں 78 ہزار 452 اور اسپین میں 76 ہزار 525 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے۔

برطانیہ میں کورونا کیسز کی شرح میں کمی آ رہی ہے کیوں کہ ان کی ویکسینیشن مہم پورے یورپ سے آگے ہے۔ جس میں تقریباً 60 فیصد بالغ آبادی نے کورونا وائرس کی پہلی خوراک لگوالی ہے۔

برطانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اپریل کے وسط تک 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز دینے کا ہدف کامیابی سے مکمل کر لیا۔

علاوہ ازیں انگلینڈ اور ویلز میں دکانیں، جم، ہیئر ڈریسرز، بیوٹی سیلون کھل گئے جبکہ چڑیا گھر، تھیم پارکس، ڈرائیو ان سنیما بھی کھل چکے ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد احتیاطی تدابیر چھوڑنا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے۔