گرین بس رواں سال جون جولائی کے درمیان چلا دینگے، گورنر سندھ

April 14, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ گرین بس رواں سال جون جولائی کے درمیان چلا دیں گے، وزیراعظم دورہ سندھ کے موقع پر بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، تفصیلات کے مطابق منگل کوگورنرہائوس کراچی میں علامہ اقبال کی 83 ویں برسی کے موقع پر تصاویر کی نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے فلسفے کوبتانا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاق کے پاس جو پروجیکٹ ہیں اس پرکام شروع ہو چکا ہے، تاہم جس طرح کام ہونا چاہیے ویسا نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان دورہ سندھ کے موقع پر بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، جبکہ کراچی میں گرین بس جون جولائی کے درمیان چلا دیں گے، ٹینڈر ہوچکے ہیں، گرین لائن بس سندھ کا پہلا ٹرانزٹ سسٹم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو نئی بسز اور ٹرانسپورٹ کی بے انتہا ضرورت ہے۔عمران اسماعیل نے کہاکہ شہر کے سفری نظام کو جدیدطرز پر لانا پڑے گا۔