نواز، مریم، صفدر کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

April 14, 2021

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ نون کے قائد، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی احتساب عدالت سے سزاؤں کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر لیں۔

عدالتِ عالیہ نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی احتساب عدالت سے بریت کے خلاف نیب کی اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ 28 اپریل کو اپیلوں کی سماعت کرے گا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کوسزا سنائی تھی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جرمانے اور قید کی سزاؤں کا فیصلہ سنایا تھا۔

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سزا سنائی گئی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا گیا۔

نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کے دونوں عدالتی فیصلوں کو چیلنج کیا ہے۔

نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل دائر کی ہے جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کی ہے۔

تمام اپیلوں کو یکجا کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔