محکمہ واسا نے عوام کو پانی کی بوند بوند کو ترسا دیا‘ ن لیگ

April 15, 2021

کوئٹہ (پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ جنرل سیکرٹری نسیم الرحمن، آغا عمر شاہ ،جنرل سیکرٹری جاوید مینگل، جنرل سیکرٹری پشین میر وائس کاکڑ ایڈووکیٹ، طارق محمود بٹ ایڈووکیٹ، ارباب اقبال ،ذاکر بنگلزئی ،خدائیداد ترین، رازق لالہ، محمد دین ،آصف حریفال اور عمر فاروق کاکڑایڈووکیٹ نے بیان میں کہا ہے کہ واسا کی عوام دشمن پالیسیوں کا سلسلہ رمضان المبارک میں بھی جاری ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو پانی کی سپلائی بند کردی جاتی ہے ۔حالانکہ پہلے ہی شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور دو دن کے ناغے نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے اندرونی کسی مسئلے کی سزا عوام کو نہ دی جائے۔ انہوں نے اپیل کی کہ واسا حکام شہر میں پانی کی سپلائی یقینی بنائیں اور ہفتہ اور اتوار کو پانی کی بندش کا نوٹس لیا جائے اگر اوورٹائم کا مسئلہ ہے تو اسے فوری حل کیا جائے کیونکہ شہری پانی کی بندش اور نہ ملنے کی وجہ سے پہلے ہی ٹینکر مافیا کے ہاتھوں یرغمال بن چکے ہیں لہٰذا رمضان المبارک میں شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔